ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور سابق کپتان ڈیرن سیمی کو امپائر کے فیصلوں پر تنقید کرنا مہنگا پڑ گیا ۔
بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ان پر کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کے تحت کارروائی کرتے ہوئے میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ عائد کیا ہے، جبکہ انہیں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی دیا گیا ہے ۔ یہ واقعہ آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ کے دوران پیش آیا، جو حال ہی میں کھیلا گیا ۔ میچ کے دوسرے روز ڈیرن سیمی نے ایک پریس کانفرنس کے دوران امپائرنگ کے کچھ فیصلوں کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا ۔
ان کے بیانات کو آئی سی سی نے کوڈ آف کنڈکٹ کے آرٹیکل 7.2 کی خلاف ورزی قرار دیا، جو کہ لیول ون کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتی ہے ۔ آئی سی سی کے مطابق ڈیرن سیمی نے اپنی غلطی کو تسلیم کر لیا ہے اور اسی بناء پر ان کے خلاف یہ فیصلہ جلد کیا گیا ۔ چونکہ یہ ان کی پہلی خلاف ورزی تھی ، اس لیے انہیں صرف جرمانے اور ایک ڈی میرٹ پوائنٹ کی سزا دی گئی ہے ۔ تاہم مستقبل میں اگر وہ مزید ایسی خلاف ورزیاں کرتے ہیں تو انہیں سخت سزاؤں کا بھی سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔
یہ بھی پڑھیں:ایشیا کپ 2025 : پاکستان کے 18 رکنی اسکواڈ کا اعلان ہو گیا
واضح رہے کہ آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کے مطابق امپائرز کے فیصلوں پر عوامی سطح پر تنقید کو کھیل کی روح کے خلاف تصور کیا جاتا ہے۔ انٹر نیشنل کرکٹ کونسل کا مؤقف ہے کہ امپائرز کا احترام ہر کھلاڑی اور کوچ کی ذمہ داری ہے تاکہ کھیل میں شفافیت، غیر جانبداری اور نظم و ضبط ہمیشہ برقرار رہے ۔ ڈیرن سیمی جو بطور کھلاڑی اپنی قائدانہ صلاحیتوں اور مثبت رویے کے لیے جانے جاتے ہیں ، ان سے ایسی حرکت کی توقع کم ہی کی جا رہی تھی ۔