امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کرپشن الزامات کا سامنا کرنے والے اسرائیلی وزیراعظم بنیامن نیتن یاہو کے دفاع میں سامنے آگئے ہیں۔ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں نیتن یاہو کے خلاف عدالتی کارروائی کو ناقابلِ تصور قرار دیا ہے۔
اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو پر کرپشن کے سنگین الزامات عائد ہیں، جن کے تحت انہیں پیر 30 جون کو عدالت میں پیش ہونا ہے۔ امریکی صدر کا کہنا ہے کہ یہ پہلا موقع ہے کہ موجودہ اسرائیلی وزیراعظم کو ایک سیاسی مقدمے میں ٹرائل کا سامنا ہے، یہ سن کر وہ حیران ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق نیتن یاہو مئی 2020 سے جاری ایک طویل مقدمے کا سامنا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں اسرائیل ایک تاریخی لمحے سے گزرا ہے اور وہ خود اور نیتن یاہو ایران جیسے دشمن سے نمٹنے کے مشکل وقت سے گزر چکے ہیں۔ صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایک ایسے شخص کے خلاف کارروائی جس نے اتنا کچھ کیا ہو ان کے لیے ناقابلِ فہم ہے۔ ان کا دعویٰ ہے کہ نیتن یاہو پر غیر منصفانہ الزامات لگائے گئے ہیں تاکہ انہیں سیاسی طور پر نقصان پہنچایا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: فیلڈمارشل عاصم منیرمتاثر کن شخصیت ہیں ،پاک بھارت جنگ رکوائی،ٹرمپ کا نیٹو سمٹ میں انکشاف
انہوں نے مطالبہ کیا کہ نیتن یاہو کے خلاف جاری ٹرائل کو فوری طور پر منسوخ کیا جائے اور انہیں معافی دی جائے۔ بیان کے اختتام پر ٹرمپ نے کہا کہ یہ امریکا ہی تھا جس نے اسرائیل کو بچایا اور اب دنیا دیکھے گی کہ ہم نیتن یاہو کو بچائیں گے۔ انصاف کی اس بگڑی ہوئی صورت کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔