امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نیٹو سمٹ کے دوران ایک بار پھر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی شخصیت اور قیادت کی کھل کر تعریف کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر ایک اچھے انسان اور متاثر کن شخصیت کے مالک ہیں اور اگر انہوں نے پاک بھارت جنگ نہ رکوائی ہوتی تو یہ تنازع جوہری تصادم میں بدل سکتا تھا۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے پاکستان اور بھارت دونوں کو تجارت کا پیغام دیا اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو واضح طور پر بتا دیا کہ اگر جنگ کرو گے تو تجارت نہیں ہوگی۔
یاد رہے کہ کچھ دن قبل وائٹ ہاؤس میں صدر ٹرمپ اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے درمیان ایک ملاقات ہوئی تھی، جس میں صدر ٹرمپ نے ان کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا تھا۔ اس موقع پر صدر ٹرمپ نے پیچیدہ علاقائی حالات میں فیلڈ مارشل کی قائدانہ صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان سے ملاقات ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔
صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ فیلڈ مارشل کو خصوصی طور پر بھارت کے خلاف ممکنہ جنگ کو روکنے پر شکریہ ادا کرنے کے لیے مدعو کیا گیا تھا۔
اپنے خطاب میں صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے حالیہ دنوں میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ممکنہ جنگ کو روکنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ان کے مطابق اگر وہ مداخلت نہ کرتے تو دونوں جوہری طاقتیں کھلی تصادم کی طرف جا سکتی تھیں۔
یہ بھی پڑھیں: مرغی کے لیے ہر علاقے کا الگ ریٹ!کیا سرکاری لسٹ صرف کاغذی خانہ پُری ہے؟
ٹرمپ نے یہ بھی بتایا کہ انہوں نے دونوں ملکوں کی اعلیٰ قیادت سے براہِ راست گفتگو کی اور دوٹوک پیغام دیا کہ “اگر آپ جنگ کریں گے تو کوئی تجارتی ڈیل نہیں ہوگی۔” ان کے بقول اس واضح موقف کے بعد دونوں ممالک نے تحمل کا مظاہرہ کیا۔