محرم الحرام کے دوران امن و امان کے لیے جہلم ویلی میں دفعہ 144 نافذ

ڈپٹی کمشنر جہلم ویلی محترمہ بینش جرال نے سپرنٹنڈنٹ پولیس کی سفارش پر محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ضلع بھر میں دفعہ 144 کے تحت متعدد پابندیاں نافذ کر دی ہیں۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ضلع جہلم ویلی میں اسلحے کی نمائش، لاؤڈ اسپیکر کے بے جا استعمال، مذہبی منافرت پر مبنی اشتہارات، لٹریچر، بکس، بینرز، وال چاکنگ، اشتعال انگیز تقریریں اور تصاویر کے علاوہ پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں میں موسیقی چلانے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

ڈپٹی کمشنر بینش جرال نے واضح کیا ہے کہ دفعہ 144 کے تحت یہ احکامات فوری طور پر نافذ العمل ہیں اور کوئی بھی فرد یا گروہ ان احکامات کی خلاف ورزی کا مرتکب ہوا تو اس کے خلاف دفعہ 188 تعزیرات پاکستان کے تحت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: وادی لیپہ میں برائیلر مرغی 415 روپے فی کلو، سرکاری ریٹ لسٹیں بے معنی ہو گئیں

انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ امن و امان قائم رکھنے کے لیے تعاون کریں اور کسی بھی قسم کی خلاف ورزی سے گریز کریں تاکہ محرم الحرام کا مہینہ پرامن طریقے سے گزر سکے۔

Scroll to Top