دنیا بھر میں ہر سال تقریباً 10 کروڑ ٹن سیب پیدا ہوتے ہیں اور یہ پھل صدیوں سے صحت بخش غذا کے طور پر جانا جاتا ہے۔ لیکن کیا واقعی روزانہ ایک سیب کھانے سے ڈاکٹر سے دور رہا جا سکتا ہے؟
مشہور کہاوت ’روزانہ ایک سیب کھاؤ، ڈاکٹر کو دور رکھو‘ کا آغاز سنہ 1866 کی ایک ویلش کہاوت سے ہوا: ’’رات کو ایک سیب کھاؤ اور ڈاکٹر کی روزی بند کرو۔
سیب میں فائٹو کیمیکلز جیسے فلیوانولز شامل ہوتے ہیں جو وزن قابو میں رکھنے اور دل کی بیماریوں کے خطرے کو کم کرنے میں مدد دیتے ہیں۔
اس کے علاوہ پولی فینولز جیسے انتھوسیاننز اور فلورڈزِن، دل کی صحت کو بہتر بنانے اور خون میں شوگر کنٹرول کرنے میں معاون ہیں۔فائبر (پیکٹن) کی موجودگی خراب کولیسٹرول (LDL) کم کرنے اور خون میں شوگر کی سطح متوازن رکھنے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔
سائنسی تحقیقات کیا کہتی ہیں؟
سنہ 2017 کی ایک تحقیق کے مطابق سیب کھانے والوں میں ٹائپ 2 ذیابیطس کا خطرہ 18 فیصد تک کم ہو سکتا ہے۔ سال 2022 کے ایک تجزیے نے واضح کیا کہ سیب یا اس سے بنی مصنوعات کولیسٹرول کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہیں۔
امریکا میں کی گئی ایک تحقیق کے مطابق غذا میں موجود پولی فینولز کا پانچواں حصہ صرف سیب سے حاصل ہوتا ہے۔
ماہرین کے مطابق اگرچہ سیب میں وٹامن سی، آئرن یا کیلشیم کی مقدار زیادہ نہیں، لیکن اس میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس کئی بیماریوں سے بچاؤ میں مددگار ہوتے ہیں۔ تاہم ایسے مرکبات دیگر پھلوں اور سبزیوں میں بھی پائے جاتے ہیں۔
ڈاکٹر سے بچاؤ کی حقیقت؟
سنہ 2015 میں تقریباً 9,000 افراد کے غذائی معمولات کا تجزیہ کیا گیا۔نتائج سے پتا چلا کہ روزانہ سیب کھانے والے افراد میں ڈاکٹر کے پاس جانے کا رجحان کم تھا، لیکن جب سماجی و تعلیمی عوامل کو مدنظر رکھا گیا تو یہ فرق نمایاں نہیں رہا۔البتہ ایک بات اعداد و شمار سے واضح ہوئی کہ روزانہ سیب کھانے والے افراد دواؤں پر کم انحصار کرتے ہیں۔ تحقیق کے مرکزی محقق میتھیو ڈیوس کے مطابق سیب کھانے والے عمومی طور پر صحت مند طرزِ زندگی اپناتے ہیں، اس لیے صرف سیب کو اس کا واحد سبب قرار دینا مشکل ہے۔
ماہرین کا اتفاق ہے کہ سیب میں صحت بخش اجزا کی بھرمار ہے اور اسے باقاعدگی سے کھانے سے کئی بیماریوں کا خطرہ کم کیا جا سکتا ہے، لیکن صرف سیب کھانے سے ڈاکٹر کی ضرورت مکمل طور پر ختم نہیں ہو سکتی۔
یہ بھی پڑھیں: ایران اسرائیل جنگ بندی : ٹرمپ کا اعلان، فریقین سےخلاف ورزی نہ کرنے کی اپیل
تحقیق کے اختتام پر کہا گیا کہ زیادہ مناسب یہ کہنا ہوگا کہ روزانہ ایک سیب دواساز سے دور رکھتا ہے۔اب چاہے بات ڈاکٹر کی ہو یا دواساز کی، مقصد یہی ہے کہ اچھی صحت کے لیے سیب جیسے پھلوں کا استعمال ضرور مفید ہے۔