وزیراعظم شہباز شریف نے قومی سلامتی کمیٹی کا اہم ترین اجلاس آج طلب کر لیا

خطے میں جاری کشیدگی اور داخلی و خارجی سیکیورٹی صورتحال کے تناظر میں وزیراعظم شہباز شریف نے قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس آج دن 12 بجے وزیراعظم ہاؤس میں طلب کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس کی صدارت وزیراعظم شہباز شریف کریں گے، جس میں عسکری اور سول قیادت شریک ہو گی۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر اپنے حالیہ دورہ امریکہ پر اجلاس کے شرکاء کو اعتماد میں لیں گے۔اس کے علاوہ اجلاس میں ایران، اسرائیل اور امریکا کے درمیان بڑھتے ہوئے تنازع پر تفصیلی مشاورت کی جائے گی جبکہ ایران کی سفارتی حمایت اور دیگر اہم معاملات پر بڑے فیصلے متوقع ہیں۔

اجلاس میں ملکی داخلی اور سرحدی سیکیورٹی امور کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ اس اہم اجلاس میں وزیر دفاع، وزیر داخلہ، نائب وزیراعظم اور وزیر خزانہ سمیت دیگر اعلیٰ شخصیات شرکت کریں گی۔

یہ بھی پڑھیں:امریکی جارحیت کا بھرپور جواب دیں گے، وقت اور طریقہ افواج طے کریں گی:ایران کااعلان

واضح رہے کہ امریکا نے ایران پر بنکر بسٹر بموں اور میزائلوں سے حملہ کر کے فردو، نطنز اور اصفہان کی تین جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا، جس کے بعد امریکا بھی اسرائیل کی ایران پر مسلط کردہ جنگ میں شامل ہو چکا ہے۔

Scroll to Top