انگلینڈ نے بھارت کے خلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سات برس بعد اس کے ہوم گراؤنڈ پر ٹی20 میچ میں فتح حاصل کر تے ہوئے راجکوٹ میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے میچ میں 26 رنز سے کامیابی سمیٹ لی۔
راجکوٹ کے نرنجن شاہ سٹیڈیم میں ہونے والے میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جس کے بعد انگلینڈ نے 171 رنز کا ہدف دیا۔ انگلش کے بیٹ مینزنے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کے باؤلرز کو دباؤ میں رکھاجہاں بین ڈک 51 رنز کے ساتھ نمایاں رہےجبکہ جوس بٹلر نے 24 اور لائم لونگ سٹون نے 43 رنز کی اننگز کھیلی۔
بھارتی باؤلرز میں ورن چکروتی سب سے کامیاب ثابت ہوئے جنہوں نے زبردست باؤلنگ کرتے ہوئے پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ ان کے علاوہ ہاردک پانڈیا نے دو وکٹیں اپنے نام کیں، جب کہ راوی بسونی اور اکشر پٹیل نے ایک، ایک انگلش کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔
جواب میں بھارت کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں مشکلات کا شکار رہی اور 20 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر محض 145 رنز بنا سکی۔ بھارت کی جانب سے ہاردک پانڈیا 40 رنز کے ساتھ سب سے کامیاب بیٹر رہے، جب کہ تلک ورما 18، ابھیشیک شرما 24، اکشر پٹیل 15 اور سوریا کمار یادیو 14 رنز بنا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: جموں کشمیر سٹوڈنٹس لبریشن فرنٹ کے زیر اہتمام طلباء حقوق کانفرنس کا انعقاد
اس میچ میں محمد شامی نے طویل انجری اور فٹنس مسائل کے بعد ٹیم میں واپسی کی تاہم وہ خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھارت نے سیریز کے پہلے دو میچوں میں کامیابی حاصل کی تھی جہاں پہلے میچ میں سات وکٹوں اور دوسرے میں دو وکٹوں سے فتح اپنے نام کی تھی۔ انگلینڈ کی اس جیت کے بعد سیریز کا اسکور 1-2 ہو گیاجبکہ باقی دو میچز 31 جنوری اور 2 فروری کو کھیلے جائیں گےجو سیریز کے حتمی نتیجے کے لیے انتہائی اہم ثابت ہوں گے۔