ایف آئی ایچ نیشنز کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے جنوبی کوریا کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔ فائنل میں نیوزی لینڈ اور پاکستان کی ٹیمیں آج (ہفتہ) شام 6 بجے مدمقابل ہوں گی۔
ملائیشیا کے شہر کوالالمپور میں ہونے والے میچ میں نیوزی لینڈ نے جنوبی کوریا کو سنسنی خیز پنالٹی شوٹ آؤٹ میں 4-3 سے ہرا کر کامیابی حاصل کی۔ اس سے قبل کوالا لمپور میں کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان نے شاندار مقابلے کے بعد فرانس کو پینلٹی شوٹ آؤٹ میں 2-3 سے شکست دی۔ میچ کے ہیرو گول کیپر منیب الرحمٰن رہے، جنہوں نے شوٹ آؤٹ میں فرانس کے تین یقینی گول روک کر ٹیم کو فائنل تک پہنچایا۔ پاکستان کی جانب سے رانا وحید اشرف، حنان شاہد اور افراز نے شوٹ آؤٹ میں گول اسکور کیے۔
مقررہ وقت تک مقابلہ 3-3 گول سے برابر رہا۔ میچ کا آغاز دونوں ٹیموں کے محتاط کھیل سے ہوا، اور پہلے کوارٹر میں کوئی گول نہ ہو سکا۔ پاکستان کو ایک اور فرانس کو چار پنالٹی کارنرز ملے، لیکن دونوں جانب سے دفاعی لائنز نے شاندار کھیل پیش کیا۔ فرانس نے دوسرے کوارٹر میں زاویئر ایسمنژو کے فیلڈ گول کی بدولت برتری حاصل کی، جبکہ تیسرے کوارٹر کے آغاز میں وِکٹری شارلے نے دوسرا گول اسکور کر کے برتری کو دگنا کر دیا۔
تاہم، گرین شرٹس نے زبردست کم بیک کرتے ہوئے صرف پانچ منٹ میں تین گول اسکور کر ڈالے۔ افراز نے رانا وحید کی اسسٹ پر پہلا گول کیا، جس کے بعد فرانس کا ایک پنالٹی کارنر وی اے آر پر نظرثانی کے بعد منسوخ ہوا۔ اسی دوران سفیان خان نے پنالٹی کارنر پر دوسرا گول کیا، اور پھر محمد حمادالدین نے تیسرا گول کر کے پاکستان کو 2-3 کی برتری دلائی۔
چوتھے کوارٹر میں پاکستان نے برتری برقرار رکھنے کی کوشش کی مگر آخری تین منٹ میں دفاعی غلطی سے فرانس کو پنالٹی کارنر ملا، جس پر شارلے نے گول کر کے اسکور برابر کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں: اسرائیل کے پاس اتنی صلاحیت نہیں کہ وہ ایران کی جوہری صلاحیت ختم کر سکے، صدر ٹرمپ
59ویں منٹ میں پاکستان کو فیصلہ کن پنالٹی کارنر ملا، مگر سفیان خان کا شاٹ فرانسیسی ڈیفینڈر سے ٹکرا گیا اور موقع ضائع ہو گیا۔ تاہم شوٹ آؤٹ میں منیب الرحمٰن کی شاندار کارکردگی اور کھلاڑیوں کے عزم نے پاکستان کو فائنل میں پہنچا دیا، جہاں آج شام 6 بجے نیوزی لینڈ سے ٹائٹل کا فیصلہ کن مقابلہ ہوگا۔