پنجاب

آج شام سے پنجاب بھر میں پری مون سون کا آغاز ہوگا :پی ڈی ایم اے

پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے اعلان کیا ہے کہ آج شام سے صوبے میں پری مون سون بارشوں کا آغاز ہوگا جو 23 جون تک وقفے وقفے سے جاری رہیں گی۔

پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق، اس دوران پنجاب کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش، تیز ہوائیں اور بعض مقامات پر موسلا دھار بارش کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک اور چکوال سمیت منڈی بہاؤالدین، حافظ آباد، گجرات، جہلم، گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد، سیالکوٹ، نارووال، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، سرگودھا اور میانوالی میں بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ملک میں گرمی کا زور مگر وادی لیپہ کی نوکوٹ گلی سیاحوں کیلئے پُرفضا پناہ گاہ بن گئی

اس کے علاوہ 21 سے 23 جون کے دوران ملتان، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور اور بہاولنگر میں بھی بارش متوقع ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کا کہنا ہے کہ پری مون سون بارشوں سے گرمی اور ہیٹ ویو کی شدت میں نمایاں کمی آئے گی، جس سے عوام کو ریلیف ملے گا۔

یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں مون سون بارشیں کل سے شروع،فلڈنگ کا خدشہ

انہوں نے مزید بتایا کہ محکمہ صحت، آب پاشی، تعمیر و مواصلات اور دیگر متعلقہ اداروں کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورت حال سے بروقت نمٹا جا سکے۔ پی ڈی ایم اے نے عوام کو احتیاط برتنے اور موسمی اپ ڈیٹس پر نظر رکھنے کی اپیل بھی کی تاکہ کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

Scroll to Top