صدر پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر چوہدری محمد یاسین نے کہا ہے کہ سپیکر اسمبلی چوہدری لطیف اکبر کے قافلے پر حملہ نارمل واقعہ نہیں ہے،ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات اٹھائے جائیں
مظفر آباد میں سپیکر اسمبلی چوہدری لطیف اکبر سے ملاقات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے چوہدری محمد یاسین نے کہا کہ موجودہ صورتحال ساری کشمیری قیادت کیلئے لمحہ فکریہ ہے ۔آزادکشمیر کی ساری قیادت ہنگامی طور پر مل بیٹھے اور اپنا کردار ادا کرے۔ موجودہ حالات سے آزادکشمیر کا وجود اور حاصل شدہ حیثیت
بھی خطرے میں پڑ سکتی ہے
انہوں نے کہا کہ پرامن خطہ میں ایسے کلچر کو روکنا وقت کا تقاضا ہے تاکہ مزید ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔آزادکشمیر کے عوام اتفاق اتحاد اور یکجہتی کو فروغ دیں اور اپنی قومی روایات کو بحال رکھیں۔ امن کو برباد کرنے والوں کے لئے ہمارے معاشرے میں کوئی جگہ نہیں
صدر پی پی آزادکشمیر نے کہا کہ اصلاح احوال نہ کی گئی تو یہ بعید نہیں کہ حالات ہرکسی کے ہاتھ سے باہر نکل جائیں۔حکومت حالات کی سنگینی کا احساس کرتے ہوئے فوری اقدامات کرے۔
یاد رہے کہ سپیکرکے قافلے پر گزشتہ دنوں ان کے حلقہ کھاوڑہ میں حملہ ہوا تھا جس میں 2 افراد زخمی ہوئے تھے، سپیکر اسمبلی چوہدری لطیف اکبر نے حملے کو انتظامیہ کی نااہلی قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ مجھے دھمکیاں مل رہیں تھیں ، انتظامیہ کوآگاہ کرنے کے باوجود اقدامات نہیں اٹھائےگئے۔