ہر لمحہ پاکستان کے لیے تھا،چیمپیئنز ٹرافی کی سالگرہ پر سرفراز احمد کا جذباتی پیغام

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے چیمپیئنز ٹرافی 2017 کی جیت کے 8 سال مکمل ہونے پر سوشل میڈیا پر ایک جذباتی پیغام شیئر کیا ہے، جس میں اس تاریخی کامیابی کو اپنے دل کے قریب ترین لمحات میں سے ایک قرار دیا۔

سرفراز احمد نے اپنے پیغام میں کہا کہ چیمپیئنز ٹرافی 2017 ہمیشہ میرے دل کے قریب رہے گی۔ میں خوش قسمت تھا کہ مجھے ایک نوجوان اور باصلاحیت ٹیم کی قیادت کا موقع ملا، جس نے ہر میچ مکمل جوش، عزم اور یقین کے ساتھ کھیلا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو عزت ملی، وہ صرف اللہ پاک کے کرم اور آپ سب کی دعاؤں کا نتیجہ تھی۔ “ہر لمحہ پاکستان کے لیے تھا۔ پاکستان زندہ باد!”

واضح رہے کہ 18 جون 2017 کو لندن کے اوول گراؤنڈ میں پاکستان نے چیمپیئنز ٹرافی کے فائنل میں روایتی حریف بھارت کو 180 رنز سے شکست دے کر پہلی بار یہ اعزاز اپنے نام کیا تھا۔

اس یادگار میچ میں فخر زمان نے 114 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جبکہ محمد عامر نے بھارتی بیٹنگ لائن کو تہس نہس کر دیا۔ حسن علی نے پورے ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرکے پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا اعزاز بھی حاصل کیا۔

یہ بھی پڑھیں: مدد کی کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی،ایران-اسرائیل کشیدگی پر پوتن کا محتاط مؤقف

سرفراز احمد کی قیادت میں قومی ٹیم نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے فائنل تک رسائی حاصل کی اور بھارت جیسی مضبوط ٹیم کو تاریخی شکست دے کر پاکستان کرکٹ کی تاریخ کا ناقابلِ فراموش باب رقم کیا۔

Scroll to Top