ارشد ندیم نے فوربز کی 30 انڈر 30 فہرست میں جگہ بنا لی!

پاکستان کے نامور جیویلن تھروکھلاڑی(javelin thrower )ارشد ندیم کو بین الاقوامی شہرت یافتہ جریدے فوربز نے ساؤتھ ایشیا2025 کی ’30 انڈر 30‘ فہرست میں شامل کر لیا ہے۔ اس باوقار فہرست میں ارشد ندیم واحد پاکستانی نامزد شخصیت ہیں۔

ارشد ندیم کو فوربز کی جانب سے “انٹرٹینمنٹ اینڈ اسپورٹس” کیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے، جو ان کی کھیلوں میں غیر معمولی کارکردگی اور پاکستان کے ثقافتی منظرنامے پر اثرانداز ہونے کی واضح دلیل ہے۔

28 سالہ ارشد ندیم نے پیرس اولمپکس میں طلائی تمغہ جیت کر پاکستان کی تاریخ میں انفرادی گولڈ میڈل حاصل کرنے والے پہلے کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا۔ پنجاب کے چھوٹے سے شہر میاں چنوں سے عالمی سطح پر پہنچنے والے ارشد ندیم نے اپنی محنت اور عزم سے نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے میں نوجوان کھلاڑیوں کے لیے مثال قائم کی ہے۔

ارشد ندیم نے حال ہی میں ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں ایک اور سونے کا تمغہ جیتا، جس سے ان کی عالمی سطح پر جیولن تھرو میں حیثیت مزید مستحکم ہوئی۔ اب تک وہ مختلف عالمی مقابلوں میں پانچ طلائی تمغے اپنے نام کر چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ایران کا اسرائیل پر سائبر حملہ،اسرائیلی شہریوں کے فونز پر ہنگامی پیغامات موصول!

فوربز کی اس فہرست میں شمولیت ارشد ندیم کے کیریئر کا ایک اور سنگ میل ہے، جو ان کی مسلسل محنت، جذبے اور پاکستان کے لیے خدمات کا اعتراف ہے۔ وہ نہ صرف جیولن تھامے ہوئے ہیں بلکہ لاکھوں پاکستانیوں کی امیدوں اور خوابوں کا بوجھ بھی اپنے کندھوں پر اٹھائے ہوئے ہیں۔

Scroll to Top