سپریم کورٹ آزاد کشمیر کا بڑا فیصلہ: پاپولیشن ویلفیئر کے 128 ملازمین کی برطرفی معطل

مظفرآباد : سپریم کورٹ آزاد جموں و کشمیر نے پاپولیشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کے 128 مستقل ملازمین کی برطرفی کے احکامات معطل کرتے ہوئے متاثرہ ملازمین کو عبوری ریلیف فراہم کر دیا ہے۔

یہ فیصلہ 12 جون 2025 کو مظفرآباد میں سپریم کورٹ میں دائر نظرثانی درخواست کی سماعت کے دوران سنایا گیا۔ درخواست گزاروں نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کی برطرفی غیر منصفانہ ہے اور انہیں شنوائی کا موقع دیے بغیر فارغ کیا گیا، جو ان کے بنیادی قانونی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

درخواست گزاروں کے وکیل بیرسٹر ہمایوں نواز خان کے مطابق، سپریم کورٹ پہلے ہی 12 مارچ 2025 کو سیکرٹری پاپولیشن ویلفیئر کو انکوائری کا حکم دے چکی تھی۔ تاہم، 29 مئی 2025 کو برطرفی کے احکامات جاری کر دیے گئے، جبکہ ملازمین کو نہ انکوائری میں شامل کیا گیا، نہ ہی دفاع کا موقع فراہم کیا گیا۔

وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کی ہدایات کے باوجود برطرفی کی کارروائی بغیر تیاری کے کی گئی، جو انصاف کے بنیادی تقاضوں اور قانونی ضابطوں کے خلاف ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بینظیر انکم سپورٹ پروگرام نے ریٹیل نیٹ ورک کے ذریعے ادائیگی کا نیا نظام نافذ کر دیا

عدالت نے فریقین کا مؤقف سننے کے بعد نظرثانی درخواست میں عبوری ریلیف دیتے ہوئے برطرفی کے احکامات معطل کر دیے ہیں۔ عدالت نے دفتر کو ہدایت کی کہ دوسرے فریق کو نوٹس جاری کیا جائے، ان سے اعتراضات طلب کیے جائیں، اور مقدمے کی کارروائی قانون کے مطابق تیزی سے مکمل کی جائے۔

Scroll to Top