امریکی ماہرین کی ایک نئی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ آم، جو عموماً “پھلوں کا بادشاہ” کہلاتا ہے، دل کی صحت کے لیے مفید ہو سکتا ہے۔ تحقیق کے مطابق آم کا روزانہ استعمال بلڈ پریشر، کولیسٹرول اور دل کی بیماریوں سے بچاؤ میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔
طبی ویب سائٹ کے مطابق، اس تحقیق میں امریکہ کے ماہرین نے زائد العمر خواتین کی ایک مخصوص تعداد کو شامل کیا جنہیں پہلے سے ہی موٹاپے، بلند فشار خون (بلڈ پریشر) اور بلند کولیسٹرول جیسی پیچیدگیوں کا سامنا تھا۔
تحقیق میں شامل خواتین کی عمریں 50 سے 70 سال کے درمیان تھیں۔ ماہرین نے دو ہفتے پر مشتمل اس تحقیق کے آغاز سے قبل تمام شرکاء کے بلڈ ٹیسٹ کیے اور انہیں ہدایت دی گئی کہ وہ روزانہ ساڑھے تین سو گرام آم استعمال کریں۔
دو ہفتے بعد دوبارہ بلڈ ٹیسٹ کیے گئے اور ان کے نتائج کا موازنہ پرانے ٹیسٹوں سے کیا گیا۔ نتائج نے ماہرین کو حیران کر دیا۔ تحقیق کے مطابق، آم کھانے کے صرف دو گھنٹے بعد خواتین کے بلڈ پریشر میں نمایاں کمی دیکھی گئی جبکہ شریانوں پر پڑنے والا دباؤ بھی کم ہوا۔ مزید یہ کہ ان خواتین کے خون میں کولیسٹرول کی سطح میں 13 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی، جو ایک مثبت اور صحت بخش علامت ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پوری اسلامی دنیا ایران کے ساتھ متحد ہے: سعودی ولی عہد
تحقیق کے دوران کچھ خواتین کو آم کے ساتھ سفید ڈبل روٹی بھی دی گئی تاکہ اس کے اثرات کا الگ سے مشاہدہ کیا جا سکے۔ ان کے نتائج سے یہ معلوم ہوا کہ اگرچہ دونوں اشیاء کھانے سے بلڈ شوگر کی سطح میں کچھ اضافہ ہوا، لیکن آم کی نسبت یہ اضافہ سفید ڈبل روٹی کے بعد کہیں زیادہ تھا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ آم میں قدرتی فائبر، اینٹی آکسیڈنٹس اور بائیو ایکٹیو اجزا موجود ہوتے ہیں جو نہ صرف کولیسٹرول اور بلڈ پریشر کو بہتر کرنے میں مدد دیتے ہیں بلکہ دل کے امراض سے بچاؤ میں بھی اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔