موبائل فون کی بیٹری کو روزانہ 100 فیصد چارج کرنا درست ہے یا نہیں؟ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس عادت سے بیٹری کی عمر بتدریج کم ہو سکتی ہے۔
پین اسٹیٹ یونیورسٹی کے الیکٹرو کیمیکل انجن سنٹر کے ڈائریکٹر چاؤ یانگ وانگ نے خبردار کیا ہے کہ بیٹری کو روزانہ مکمل 100 فیصد چارج کرنے سے وہ جلد خراب ہو جاتی ہے۔ ان کے مطابق اگر بیٹری کو روز 100 فیصد چارج کیا جائے تو اس کی عمر 10 سے 15 فیصد تک کم ہو سکتی ہے، جبکہ 90 فیصد تک چارج کرنے کی صورت میں یہ نقصان کم ہوتا ہے۔
نیو جرسی انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے ایسوسی ایٹ پروفیسر دیباکر دتا نے بھی اس عمل کو نقصان دہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مکمل چارج رکھنے سے بیٹری ہائی وولٹیج پر رہتی ہے، جو اس کی کارکردگی کو متاثر کرتا ہے۔
دیباکر دتا نے یہ بھی واضح کیا کہ بیٹری کو مکمل 0 فیصد تک جانے سے بھی گریز کیا جانا چاہیے۔ ان کے مطابق 20 فیصد ہوتے ہی موبائل چارج پر لگا دینا بہتر ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت-اسرائیل کا پاکستان مخالف گٹھ جوڑ بے نقاب: بلوچستان اسٹڈیز پراجیکٹ کی آڑ میں سازش
چاؤ یانگ وانگ نے خاص طور پر فاسٹ چارجنگ کو بھی بیٹری کی صحت کے لیے خطرناک قرار دیا کیونکہ اس سے حرارت پیدا ہوتی ہے، جو وقت کے ساتھ بیٹری کی کارکردگی کو متاثر کرتی ہے۔ گرم موسم میں بیٹری کو 100 فیصد تک چارج کرنا مزید نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔
اگرچہ ماہرین روزانہ 100 فیصد چارج کرنے کے خلاف ہیں، تاہم چاؤ یانگ وانگ کا کہنا ہے کہ اگر کسی دن سفر یا کسی خاص موقع پر اضافی بیٹری درکار ہو تو اس وقت مکمل چارج کرنا درست ہے، لیکن عمومی استعمال کے لیے روزانہ 85 سے 90 فیصد تک چارج کرنا ہی محفوظ حد ہے۔