اسلا م آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری کی زیر صدارت پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کا اہم اجلاس ایوانِ صدر اسلام آباد میں ہوا جس میں اہم فیصلے کرلئے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری کی زیر صدارت پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کا اہم اجلاس ہوا جس میں صدر پیپلزپارٹی آزادکشمیر چوہدری یاسین ، سپیکر قانون سازاسمبلی چوہدری لطیف اکبر،سابق صدر ووزیراعظم سردار یعقوب خان شریک ہوئے۔
اجلاس میں وزرامیاں عبدالوحید، قاسم مجید، سردار جاوید یعقوب، فیصل ممتاز راٹھور، سردار ضیاء القمر، بازل نقوی کے علاوہ چوہدری پرویز اشرف اور سردار نبیلہ ایوب بھی شریک ہوئے۔
ذرائع کے مطابق اس اہم اجلاس میں آزاد کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال اور دیگر اہم امور پر مشاورت کی گئی اور آئندہ کا سیاسی لائحہ عمل اور حکومتی معاملات طے کئے گئے۔
اجلاس کے حوالے سے ایوان صدر یا پیپلزپارٹی آزادکشمیر کی جانب سے کوئی تفصیلات تو نہیں بتائی گئی ہیں مگر موجودہ وقت میں اس اجلاس کو اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
آزادکشمیر میں پیپلزپارٹی حکومت کا حصہ ہونے کے باوجودکچھ حلقوں سے پیپلزپارٹی کے جیالوں کی حکومت سے متعلق شکایات زدعام ہیں اور جیالے انوار حکومت چھوڑنے کا مطالبہ بھی کر چکے ہیں۔
پیپلزپارٹی آزادکشمیر کی قیادت کا ہمیشہ یہی موقف رہا ہے کہ مرکزی قیادت کے کہنے پر انوارحکومت سے علیحدہ ہو جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق آنے والے دنوں میں اہم شخصیات کی پیپلزپارٹی میں شمولیت متوقع ہے جس سے متعلق بھی مشاورت کی گئی ہے۔