وفاقی بجٹ :کھیلوں کے فروغ اور انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے مجموعی طور پر خطیر رقم مختص

اسلام آباد: وفاقی بجٹ 2025-26 میں کھیلوں کے شعبے کی ترقی اور کھلاڑیوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کیلئے مجموعی طور پر بھاری رقم مختص کی گئی ہے، جس میں نئی اسکیموں کے ساتھ ساتھ جاری منصوبوں کیلئے بھی فنڈز رکھے گئے ہیں۔

پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (PSDP) کے تحت اسپورٹس انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے 1.1 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ بجٹ دستاویزات کے مطابق، اس سال دو نئی اسکیمیں شامل کی گئی ہیں۔ ان میں اسلام آباد میں پاکستان اسپورٹس کمپلیکس میں ارشد ندیم/شہباز شریف ہائی پرفارمنس اسپورٹس اکیڈمی کے قیام کا منصوبہ شامل ہے، جس کی مجموعی لاگت 2.852 ارب روپے بتائی گئی ہے۔ تاہم، آئندہ مالی سال کے لیے اس اسکیم کے لیے مخصوص رقم نہیں بتائی گئی۔

دوسری نئی اسکیم کے تحت فیصل آباد میں کثیر المقاصد اسپورٹس کمپلیکس، مختلف کھیلوں کے کورٹ اور دو پیڈل کورٹ تعمیر کیے جائیں گے، جس کی کل لاگت 241 ملین روپے ہے، جبکہ 2025-26 کیلئے 100 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ آٹھ جاری ترقیاتی اسکیموں کے لیے 779 ملین روپے رکھے گئے ہیں۔

مزید برآں، ملک بھر میں 250 منی اسپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کے لیے 30 ملین روپے، نیشنل گیمز کے انعقاد کے لیے 150 ملین روپے، پاکستان اسپورٹس کمپلیکس کے انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے 103 ملین روپے اور بائیو مکینیکل لیب کے قیام کے لیے 120 ملین روپے رکھے گئے ہیں۔

اسی طرح، غیر ملکی کوچز کی خدمات حاصل کرنے کے لیے 100 ملین روپے، کراچی میں کھیلوں کی سہولیات کی بہتری کیلئے 98 ملین روپے، نیشنل سپورٹس یونیورسٹی کے لیے 637.2 ملین روپے اور نیشنل سینٹر آف اسپورٹس سائنس اینڈ ریسرچ کے لیے 100 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: جسٹس لیاقت شاہین مستقل چیف جسٹس آزاد کشمیر ہائی کورٹ مقرر

بجٹ میں قومی ٹیموں، تربیتی کیمپوں، کھلاڑیوں کے بنیادی ڈھانچے اور دیگر اہم اقدامات کے لیے بھی فنڈز شامل کیے گئے ہیں، تاکہ ملک میں کھیلوں کا معیار بلند ہو اور بین الاقوامی سطح پر کارکردگی میں بہتری آئے۔

Scroll to Top