ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل احمد شریف چوہدری نے اس بات پر زور دیا کہ “کشمیر پاکستان کا ہے، رہے گا، اس میں کوئی شک نہیں۔” ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی اسٹریٹیجک غلط فہمیاں مٹی میں مل چکی ہیں اور کشمیریوں کی جدوجہد رائیگاں نہیں جائے گی۔
ہلال ٹاکس کے پلیٹ فارم پر ایک فکری نشست سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ بلوچستان کبھی پاکستان سے جدا نہیں ہو سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان پاکستان کی ثقافت اور معیشت کا کلیدی جزو ہے اور اس کی ترقی ان عناصر کو برداشت نہیں جو پاکستان کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں۔
اس علمی نشست میں ملک بھر سے آئے ہوئے تقریباً 1950 اساتذہ شریک تھے۔ اس پروگرام کا مقصد تعلیمی حلقوں کو سوشل میڈیا پر پھیلائے گئے ملک مخالف پراپیگنڈے سے آگاہ کرنا تھا تاکہ وہ نئی نسل کی فکری رہنمائی مؤثر انداز میں کر سکیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت بلوچستان میں دہشتگردی کی سرپرستی کر رہا ہے اور وہ خطے میں عدم استحکام کی بنیادی جڑ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فتنہ الہندوستان کے ایجنٹ بلوچستان کی ترقی کے دشمن ہیں اور دہشتگرد بھارت سے تربیت اور مالی مدد حاصل کرتے ہیں۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں کا مقابلہ گولی سے نہیں بلکہ تعلیم، روزگار اور ترقی سے ممکن ہے۔ انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردوں کی لاشوں پر سیاست کرنے والے، درحقیقت ان کے سہولت کار ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے یہ بھی کہا کہ پاک فوج اور عوام ایک دوسرے سے جدا نہیں، اور ہر میدان میں، چاہے وہ انسدادِ پولیو کی مہم ہو یا دہشتگردی کے خلاف جنگ، افواجِ پاکستان قوم کے ساتھ کھڑی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کینیڈا میں جی-7 سمٹ: نریندر مودی کوتاحال باضابطہ دعوت موصول نہیں ہوئی
پروگرام کے اختتام پر اساتذہ نے ہلال ٹاکس کے علمی و فکری پروگرامز کے انعقاد کو سراہا اور اس سلسلے کے تسلسل کی خواہش ظاہر کی۔