تھائی لینڈ: پاکستان کی روئنگ ٹیم نے ایشین انڈور روئنگ چیمپئن شپ 2025 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 14 تمغے جیت کر ایونٹ کی تاریخ میں اپنا بہترین ریکارڈ قائم کر دیا۔ پاکستانی اسکواڈ نے 10 طلائی، 3 چاندی اور 1 کانسی کا تمغہ حاصل کر کے مجموعی طور پر تیسری پوزیشن حاصل کی۔
یہ چیمپئن شپ تھائی لینڈ کے شہر پتایا میں منعقد ہوئی جس میں 20 سے زائد ایشیائی ممالک کے ایتھلیٹس نے شرکت کی۔ پاکستانی کھلاڑیوں کی کارکردگی نے کئی روایتی مضبوط ٹیموں کو پیچھے چھوڑ دیا، جو کہ ملک میں انڈور روئنگ کے فروغ کی واضح علامت ہے۔
پاکستانی ٹیم نے ماسٹرز، انڈر 23 اور اوپن کیٹیگریز میں حصہ لیا اور ہر سطح پر بہترین کارکردگی دکھائی۔ اسد علی اس ایونٹ کے نمایاں ترین کھلاڑی ثابت ہوئے جنہوں نے پانچ طلائی تمغے اپنے نام کیے۔ مقبول علی اور ولی خان نے دو، دو طلائی تمغے جیتے جبکہ عبدالجبار اور محمد شہزاد نے ایک طلائی اور ایک چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔ طیب افتخار نے بھی ٹیم کی کامیابی میں حصہ ڈالتے ہوئے ایک چاندی اور ایک کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا۔
یہ بھی پڑھیں: بکروالوں کی پہاڑوں کو ہجرت کی کہانی:مقامی ثقافت کا ایک رنگ
اس شاندار کارکردگی پر نہ صرف ملک بھر سے داد و تحسین ملی بلکہ خطے بھر میں پاکستانی ٹیم کی صلاحیتوں کو سراہا گیا۔ چیمپئن شپ میں تھائی لینڈ نے پہلی اور بھارت نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔