police van accedent

پولیس وین حادثہ، تحقیقاتی کمیٹی کاحادثےکی جگہ کا دورہ،ضروری معلومات حاصل کیں

مظفر آباد ( کشمیر ڈیجیٹل )تولی پیر لسڈنہ روڈ پر پیش آئے پولیس وین حادثہ کی تحقیقات کے لیے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل راولاکوٹ سردار عبدالقادر کی سربراہی میں بنائی گئی کمیٹی کا جائے وقوعہ کا دورہ ،فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نے جائے حادثہ کا معائنہ کیا۔

کمیٹی نے حادثہ کا شکار ہونے والی گاڑی کا تفصیلی معائنہ کیا اور سڑک کی صورتحال، حفاظتی اقدامات اور دیگر پہلوؤں کا جائزہ لیا تاکہ حادثہ کی ممکنہ وجوہات پر مبنی رپورٹ کمشنر پونچھ کو پیش کی جا سکے۔

یاد رہے کہ یہ حادثہ گزشتہ بدھ کو پیش آیا تھا جب پولیس کی وین تولی پیر لسڈنہ سڑک پر گہری کھائی میں جا گری تھی ۔

باغ، پولیس گاڑی حادثے کا شکار،انسپکٹر علی احمد بخاری سمیت 5 افسر موقع پر جاں بحق

حادثے کے نتیجے میں گاڑی میں سوار تمام پانچ پولیس آفیسران شہید ہو گئے تھے، شہداء کی نماز جنازہ ان کے آبائی علاقوں میں ادا کر کے تدفین کر دی گئی تھی۔

تحقیقات کے لیے تشکیل دی گئی کمیٹی کی سربراہی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل راولاکوٹ سردار عبدالقادر کر رہے ہیں جبکہ دیگر اراکین میں اسسٹنٹ کمشنر ریڑہ، نائب مہتمم شاہرات باغ اور راولاکوٹ، موٹر وہیکل ایگزامنیر پونچھ اور ڈسٹرکٹ ٹریفک انسپکٹر باغ شامل ہیں۔

کمیٹی ارکان نے جائے حادثہ پر پہنچ کر زمینی حقائق کا جائزہ لیا اور موقع سے ضروری معلومات حاصل کیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ رپورٹ مکمل ہونے کے بعد حادثہ کی اصل وجوہات سامنے لائی جائیں گی تاکہ آئندہ ایسے سانحات سے بچا جا سکے۔

Scroll to Top