ایک حالیہ تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ محض ایک رات نیند نہ کرنے سے انفلیمیشن سوزش ہوسکتی ہے،عرب اخبار گلف نیوز کے مطابق کویت میں کی گئی ایک مختصر تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ نیند کی کمی جسم میں سوزش کو نمایاں طور پر بڑھا سکتی ہے، چاہے سائز یا وزن کچھ بھی ہو۔
تحقیق کے دوران ماہرین نے مختلف سائز کے 237 صحت مند افراد کا مطالعہ کیا اور انہیں مختلف مراحل سے گزارا،ماہرین نے تمام رضاکاروں کی نیند اور دیگر سرگرمیوں کو ریکارڈ کرنے کے لیے انہیں گھڑی جیسا آلہ پہنا یا تھا اور ان کے خون کے نمونوں کا بھی تجربہ کیا گیا تھا۔
ماہرین نے مطالعہ سے پہلے اور بعد میں تمام رضاکاروں کے خون کے ٹیسٹ کیے خاص طور پر سوزش سے متاثرہ خون کے سفید خلیات کی سطح کو دیکھا۔
ماہرین نے پایا کہ نیند کی کمی نے تمام افراد میں مونوسائٹس یا خون کے سفید خلیات کی تعداد میں اضافہ کیا،مزید تحقیق کے لیے ماہرین نے چند صحت مند، کم وزن والے افراد کو الگ تھلگ کیا اور انہیں 24 گھنٹے تک کم سونے کو کہا اور پھر ان کے خون کے ٹیسٹ کیے گئے۔
یہ خبر بھی پڑھیں :بڑی عمر کے افراد میں نیند کے مسائل کیوں جنم لے لیتے ہیں؟ماہرین نے پتہ لگا لیا
ماہرین نے پایا کہ صحت مند، کم وزن والے افراد میں بھی نیند کی کمی سوزش کا باعث بن رہی ہے، لیکن اچھی خبر یہ ہے کہ چند دنوں میں کافی نیند لینے سے سوزش کم ہو جاتی ہے۔
سوزش کو طبی دنیا میں ایک اصطلاح کے طور پر دیکھا جاتا ہے جس سے مراد تیزابیت، سوجن، جلن اور جسم میں درد جیسے مسائل ہیں۔
سوزش عام طور پر عارضی ہوتی ہے اور اسے کچھ احتیاطی تدابیر اور ادویات سے ٹھیک کیا جا سکتا ہے، تاہم، دائمی سوزش خطرناک بیماریوں سے بھی منسلک ہوتی ہے۔