پاکستان کے نامور جیولن تھرو کھلاڑی اور اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ 2025 میں بھی گولڈ میڈل جیت کر ایک اور تاریخی کامیابی اپنے نام کرلی۔
جنوبی کوریا میں ہونے والے ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے جیولن تھرو فائنل میں ارشد ندیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈل حاصل کیا۔ ارشد نے مقابلے کا آغاز 75.64 میٹر کی تھرو سے کیا، دوسری کوشش میں انہوں نے 76.80 میٹر پھینکی، تیسری تھرو 85.57 میٹر رہی جبکہ چوتھی باری میں انہوں نے 83.99 میٹر کی تھرو کی۔ پانچویں باری میں ارشد ندیم نے 86.40 میٹر کی شاندار تھرو کرتے ہوئے فائنل میں سب پر سبقت لے لی اور بلآخر گولڈ میڈل اپنے نام کرلیا۔
اسی مقابلے میں پاکستان کے ایک اور ایتھلیٹ یاسر سلطان نے بھی اچھی کارکردگی دکھائی۔ انہوں نے پہلی باری میں 70.53 میٹر، دوسری میں 75.39 میٹر اور تیسری باری میں 75.50 میٹر کی تھرو کی۔
ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے اس مقابلے میں بھارت کے سچن یادو دوسری پوزیشن پر رہے۔
واضح رہے کہ ارشد ندیم اس سے قبل پیرس اولمپکس میں بھی گولڈ میڈل جیت کر پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشن کر چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: روبوٹس کی بغاوت: اے آئی نے منیجرز کو بلیک میل کر کے چونکا دیا
چیئرمین پی سی بی کی مبارکباد:
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے ارشد ندیم کو گولڈ میڈل جیتنے پر مبارکباد دی۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا:
“شاباش ارشد ندیم شاباش، ہمیں آپ پر ناز ہے۔ ارشد کی جیت پر ان کے کوچ اور اہلخانہ کو بھی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ارشد ندیم پاک دھرتی کا سپوت ہے اور آج اس نے ایک بار پھر ہر پاکستانی کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔”