BIJLI METAR

بجلی صارفین اپنے میٹر کی ریڈنگ خود کریں گے ، حکومت کا نئی سکیم متعارف کرانے کا اعلان

حکومت نے بجلی کے صارفین کو اوور بلنگ کے اہم مسئلے سے نجات دلانے کے لیے اپنا میٹر، اپنی ریڈنگ اسکیم متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت صارفین اپنے میٹر کی ریڈنگ کر کےموبائل ایپ کے ذریعے متعلقہ ادارے کو بھیج سکیں گے۔

یہ اعلان قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے توانائی کے اجلاس کے دوران کیا گیا جس میں وفاقی وزیر برائے توانائی اویس لغاری نے کہا کہ وزیر اعظم جلد ہی اس اسکیم کا باقاعدہ اعلان کریں گے۔

اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے اویس لغاری نے کہا کہ حکومت نے بجلی صارفین کے لیے بڑے پیمانے پر سبسڈی دینے کا اعلان کیا ہے،100 یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کے لیے بجلی 56 فیصد سستی ہے۔

101 سے 200 یونٹ استعمال کرنے والوں کے لیے 48 فیصد سستی کی گئی ہے،انہوں نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کہ سبسڈی صرف مستحق افراد تک پہنچے اسے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے جوڑا جا رہا ہے ۔

یہ خبر بھی پڑھیں :نیپرا نے بجلی کی کم لاگت کیلئے دو نئے سولر پراجیکٹس کی منظوری دیدی

اس ڈیٹا کی درستگی کو یقینی بنانے کے لیے کام بھی جاری ہے، اجلاس کے دوران کچھ اراکین نے صارفین کو درپیش مسائل خاص طور پر طویل بجلی کی بندش اور لائن کے نقصانات پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔

رکن کمیٹی جنید اکبر نے کہا کہ ہم تعاون کے لیے تیار ہیں لیکن نہ تو لائن لاسز نقصانات کم ہو رہے ہیں اور نہ ہی صارفین کو بجلی مل رہی ہےکام یہ نہیں کرتے اور گالیاں ہمیں پڑتی ہیں ۔

اجلاس میں نیپرا کے چیئرمین نے بجلی کے نرخوں کے حوالے سے کہا کہ فی الحال بجلی کے نرخوں میں کمی کا کوئی امکان نہیں ہے،اس موقع پر سی ای او پیسکو نے دعویٰ کیا کہ ان کے علاقوں کی صورتحال بہتر ہو رہی ہے اور اگلے ماہ تک اس میں مزید بہتری آئے گی۔

سیکرٹری پاور ڈویژن نے کہا کہ صنعتی شعبے کو دی جانے والی رعایتیں کراس سبسڈی کے خاتمے کا نتیجہ ہیں اور زرعی شعبے کے لیے جامع منصوبہ بندی بھی جاری ہے۔

وفاقی حکومت کا دعویٰ ہے کہ آئی پی پی کے مہنگے معاہدوں کو ختم کرکے عوام سے 3400 بلین روپے کا بوجھ کم کیا گیا ہے اور بجلی کو سستا بنانے کا سفر جاری ہے۔

 

Scroll to Top