راولاکوٹ،ا سلام آباد/ راولاکوٹ کے علاقے حسین کوٹ میں ہلاک ہونیوالے دہشتگردوں کی تصاویر منظرعام پر آگئی ہیں جبکہ شہید پولیس اہلکاروں کی راولاکوٹ میں نمازجنازہ ادا کی جائیگی۔
ہلاک ہونیوالے دہشتگردوں میں باغ کے نواحی علاقے غنی آباد سے تعلق رکھنے والے زرنوش نسیم بھی شامل ہے جسے کچھ عرصہ قبل دہشتگردقرار دے کر اسکی تلاش شروع کی گئی تھی۔
رواں سال ماہ مارچ میں پولیس نے آزادپتن پل پر ایک دہشتگرد کو گرفتار کر کے اس سےا سلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا تھا، اس وقت پولیس نے بتایا تھا کہ 5 دہشتگرد آزادکشمیر میں داخل ہوئے ہیں۔
گرفتار دہشتگرد نے اعتراف کیا تھا کہ وہ شجاع آباد میں چیک پوسٹ پر پولیس کانسٹیبل کے قتل اور سنگجانی میں موٹر وے پولیس پر حملے میں ملوث رہا ہے، جبکہ آزاد کشمیر میں بھی دہشتگردی کی بڑی کارروائیوں کا منصوبہ بنا رہا تھا۔
ادھر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا راولاکوٹ میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے آپریشن کے دوران شہید ہونے والے 2 پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت کیا اور کہا کہ پولیس اہلکاروں نے بہادری سے دہشتگردوں کا مقابلہ کیا اور 4 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا۔
انہوں نے کہا کہ شہید ہونے والے دونوں پولیس اہلکاروں نے فرائض کی انجام دہی میں اپنی قیمتی جانیں قربان کرکے اعلی مثال قائم کی اور شہادت کا بلند رتبہ پایا۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کو سلام پیش کرتے ہیںاورشہداء کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: راولاکوٹ، پولیس کا چھاپہ، 4 دہشتگردوں نے دھماکے سے خود کو اڑالیا، 2 پولیس اہلکار شہید