پاکستان میں اعلیٰ تعلیم کے نئے دور کا آغاز ، ایریزونا اسٹیٹ یونیورسٹی نے این آئی ٹی لاہور کے ساتھ شراکت کرلی

لاہور:امریکا کی صف اول کی یونیورسٹی ایریزونا اسٹیٹ یونیورسٹی نے پاکستان میں اعلیٰ تعلیم کے میدان میں اپنے باضابطہ سفر کا آغاز کردیا ہے۔ اس مقصد کے لیے یونیورسٹی نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (این آئی ٹی) لاہور کے ساتھ شراکت داری قائم کی ہے۔

اس شراکت کے تحت پاکستانی طلبا کو عالمی سطح کی تعلیم، بین الاقوامی معیار کے ڈگری پروگرامز اور انڈسٹری کے مطابق جدید سرٹیفیکیشنز دستیاب ہوں گے۔ ایک نجی چینل کی رپورٹ کے مطابق اس اشتراک سے طلبا کوپاکستان کے اندر رہتے ہوئے دہری ڈگری کے مواقع، بیرون ملک تعلیمی تبادلے اور جدید شعبوں میں کیریئر کی تیاری ممکن بنائی جائے گی ۔

یہ تاریخی معاہدہ 16 اپریل 2025 کو ایریزونا اسٹیٹ یونیورسٹی کے ٹیمپے کیمپس میں دونوں اداروں کے نمائندوں کی موجودگی میں طے پایا، جس کے بعد پاکستان بھی ان 30 سے زائد ممالک کی فہرست میں شامل ہوگیا ہے جہاں یہ یونیورسٹی اپنا تعلیمی نیٹ ورک وسیع کر چکی ہے۔ این آئی ٹی لاہور کا پہلا کیمپس ڈی ایچ اے فیز 7 کے نزدیک قائم کیا جائے گا، جس میں ابتدائی طور پر اسکول آف بزنس اسٹڈیز اور اسکول آف ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز شامل ہوں گے۔ اس منصوبے کے بانیوں میں لندن یونیورسٹی سے فارغ التحصیل وکیل شاہ زیب اعوان اور ہارورڈ سے ایم بی اے کرنے والے جہانزیب برانا شامل ہیں۔

جہانزیب برانا کا کہنا ہے کہ یہ کیمپس نہ صرف عالمی معیار کی تعلیمی سہولیات فراہم کرے گا بلکہ پاکستان کی نوجوان نسل کو جدید تقاضوں کے مطابق تیار کرنے کا ایک مؤثر پلیٹ فارم بھی ثابت ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: مظفرآباد میں عوامی ایکشن کمیٹی کا بڑا پاور شو، 30 سے 40 ہزار افراد کی شرکت، شوکت نواز میر

اس ادارے کے پہلے وائس چانسلر کے طور پر ممتاز ماہر تعلیم ڈاکٹر فیصل باری خدمات انجام دیں گےجو قومی و بین الاقوامی تعلیمی حلقوں میں ایک معتبر نام رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ درسگاہ نوجوانوں کو بدلتی ہوئی عالمی معیشت میں کامیابی کے لیے مطلوبہ علم، مہارت اور وژن فراہم کرے گی۔

ایریزونا اسٹیٹ یونیورسٹی کے اس اقدام کو پاکستان میں اعلیٰ تعلیم کے میدان میں ایک سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے جو نہ صرف تعلیم بلکہ تحقیق، انوویشن اور عالمی معیار کے تعلیمی مواقع کی راہ ہموار کرے گا۔

Scroll to Top