مظفرآباد : محکمہ موسمیات نے آزادکشمیر اورپنجاب سمیت ملک کے شمالی علاقوں میں گرد آلود ہوائیں چلنے اور ژالہ باری کی پیش گوئی کی ہے جس پر آزادکشمیر میں الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایاہے کہ24 مئی کو مغربی لہر کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کا بھی امکان ہے۔ آزادکشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات اور پنجاب کے دیگر شہروں میں گرد آلود ہوائیں چلنے اور بارش کا امکان ہے۔
پنجاب کے شہر اٹک، چکوال، جہلم، میانوالی، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، نارووال، اوکاڑہ، لاہور، گوجرانوالہ، گجرات اور شیخوپورہ میں بارش کا امکان ہے۔
خیبرپختونخوا کے ضلع چترال، دیر، سوات، مالاکنڈ، مانسہرہ، بٹگرام، شانگلہ، کوہستان، ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم، بنوں، لکی مروت، کوہاٹ، کرک میں بارش وژالہ باری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ژوب، زیارت، بارکھان، سرگودھا، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ڈی جی خان، راجن پور، ملتان، بھکر، لیہ اور ڈی آئی خان میں بھی بارش/آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کی تازہ ترین پیشگوئی کی روشنی میں سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (SDMA) آزادکشمیر نے موسم کی ایڈوائزری جاری کی ہے۔
ایس ڈی ایم اے نے کہا کہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ، بجلی کی بندش، درخت گرنے اور کھلی جگہوں پر خطرناک صورتحال کا خدشہ ہے۔
ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے عوام پر زور دیا کہ وہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، خاص طور پر پہاڑی اور نشیبی علاقوں میں جہاں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ زیادہ ہو سکتا ہے۔
محفوظ عمارتوں میں رہیں اور بجلی کے کھمبوں، درختوں اور دیگر غیر محفوظ ڈھانچے کے قریب جانے سے گریز کریں۔
کسانوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی فصل کی سرگرمیوں کا انتظام کریں۔
اتھارٹی نے سیاحوں کو موسم کی صورتحال پر گہری نظر رکھنے اور مقامی انتظامیہ اورپولیس کی طرف سے دی گئی ہدایات پر عمل کرنے کا بھی مشورہ دیا ہے۔
عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں فوری طور پر ریسکیو 1122، مقامی انتظامیہ یا قریبی امدادی اداروں سے رابطہ کریں ۔