انٹرنیٹ موبائل سروس کی بہتری کیلئے موثراقدامات ناگزیر ہوچکے،منصور قادر ڈار

مظفرآباد(سید ہیصم حسین نقوی ، کشمیر ڈیجیٹل) وفاقی محتسب کے کمشنر آئی آر ڈی منصور قادر ڈار نے کہا کہ آزادجموں وکشمیر میں موبائل و انٹرنیٹ سروس بہتر بنانے کیلئے موثراقدامات ناگزیر ہوچکےہیں۔

ناقص موبائل و انٹرنیٹ سروس کی وجہ سے سیلولر موبائل کمپنیوں کے پاس آپٹیکل فائبر نہ ہونا اور آزادکشمیر میں کشمیر کونسل کی جانب سے یو ایس ایف فنڈ کی عدم فراہمی ہے۔

آزادکشمیر میں ایس کام کے علاوہ فائبر آپٹک کسی اور کمپنی کے پاس نہیں جس کی وجہ سے سروس سلو ہے، سیلولر موبائل کمپنیوں کو آپٹیکل فائبر کیلئے این او سی کے ایشوز تھے جن کو یکسو کرنے پر کام کیا جارہا ہے

بالخصوص چیف سیکرٹری آزادکشمیر اس حوالے سے ون ونڈو این او سی پر کام کررہے ہیں۔USF وہاں کام کرتا ہے جہاں موبائل کمپنیز اپنے ٹاور اس وجہ سے نہیں لگاتیں کہ انکا خرچہ زیادہ اور انکم کم ہوتی ہے ایسی جگہوں پر یو ایس ایف فنڈ سے ٹاور لگائے جاتے ہیں۔

یو ایس ایف فنڈ پاکستان کے ریموٹ ایریاز میں کام کررہا ہے۔ یو ایس ایف فنڈ کی فراہمی کے لیے حکومت آزادکشمیر کام کررہی ہے۔اگر فائبر آپٹک کیلئے این او سی اور یو ایس ایف فنڈ مل جائے تو سروس کے مسائل تقریبا حل ہو جائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینٹرل پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔صدر سینٹرل پریس کلب واحد اقبال بٹ اور ڈائریکٹر پی ٹی اے ناصر خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔

کمشنر آئی آر ڈی منصور قادر ڈار نے کہا کہ موبائل کمپنیز کا ریگولیٹری ادارہ پی ٹی اے ہے ہم ان سے جواب لیتے ہیں۔ وفاقی ایجنسیز جو کہ آزادکشمیر میں کام کررہی ہیں ان کے حوالے سے ہمارے پاس شکایت کی جاسکتی ہے۔

شکایت کرنے کیلئے کوئی بھی شہری اپنی درخواست بمعہ شناختی کارڈ کی کاپی کے دے سکتا ہے۔ جس دن سے شکایت درج ہوتی ہے 45 ایام اسکو یکسو کرنے اور 15 ایام کے بعد اس کا جائزہ لیکر وفاقی محتسب کی جانب سے 60 روز کے اندر اندر درخواست کو نمٹا دیا جاتا ہے۔

وفاقی محتسب کا باقاعدہ ای کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم موجود ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ وفاقی محتسب کے دفتر کے گزشتہ سال اکتوبر میں قیام سے لیکر آج تک یعنی 7 سے آٹھ ماہ میں 1400 شکایتیں درج ہوئیں جن میں سے ساڑھے 09 سو کو نمٹا دیا گیا۔

انہوں نےکہا کہ حکومت آزادکشمیر کے شکرگزار ہیں جنہوں نے یہاں دفتر قائم کرنے میں معاونت کی۔ منصور قادر ڈار نے کہا کہ وفاقی اعجاز قریشی کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے یہاں آفس قائم کیا۔

انہوں نے کہاکہ سینٹرل پریس کلب کی تعمیر میرا بھی خواب تھا، یہاں آکر بہت خوشی ہورہی ہے۔ بطور سیکرٹری اطلاعات میں نے انفارمیشن کو ڈویلپمنٹ کا حصہ بنانے میں اپنا کردار ادا کیا اور سب سے پہلی سکیم پریس کلب اور پی آئی ڈی کمپلیکس کی بنی۔

Scroll to Top