اسلام آباد (آئی پی ایس) پاکستان اور چین کے مابین دفاعی تعاون نے جنگی صلاحیت میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے، جس کا عملی مظاہرہ حالیہ پاک-بھارت کشیدگی کے دوران دیکھنے میں آیا۔
عالمی میڈیا اداروں نے اعتراف کیا ہے کہ چینی ساختہ J-10C طیاروں اور PL-15 میزائلوں نے بھارتی فضائیہ کے جنگی طیاروں کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔ دی اکانومسٹ سمیت امریکا، فرانس اور برطانیہ کے بڑے ذرائع ابلاغ نے چین کی دفاعی ٹیکنالوجی کی کارکردگی اور پاکستان کی عسکری برتری کو سراہا ہے۔
دی اکانومسٹ نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ پاکستان کی جانب سے چین کے تیارکردہ ہتھیاروں کا “پہلا بڑا جنگی امتحان” کامیابی سے مکمل ہوا۔ رپورٹ کے مطابق پاکستانی افواج نے جدید چینی ہتھیاروں اور مؤثر حکمت عملی کے ذریعے بھارت کی عسکری منصوبہ بندی کو ناکام بنایا۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق اربوں ڈالرز مالیت کے بھارتی رافیل طیارے، چینی دفاعی نظام کے مقابلے میں کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت امریکہ نہیں، پاکستان افغانستان نہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر کا دوٹوک مؤقف
دفاعی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ چین سے حاصل کردہ ایئر ڈیفنس سسٹمز، جدید ڈرونز اور ہائپر سونک میزائلز نے پاکستان کو خطے میں تکنیکی برتری دلائی ہے۔ اس کے ساتھ ہی چینی اشتراک سے تیار کردہ JF-17 تھنڈر طیاروں کو عالمی سطح پر بھی پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔