آزادکشمیر،منرل واٹر کے غیر معیاری پلانٹس لگانے والوں کیخلاف شکنجہ تیار

مظفرآباد :سپریم کورٹ آزاد کشمیر کے احکامات کی روشنی میں نظامت خوراک کی جانب سے تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ مقامی منرل واٹر برانڈز کی فوری رجسٹریشن کویقینی بنایاجائے۔

منرل واٹرکے یونٹس کی فزیکل انسپکشن کر کے معیار کا لیبارٹری تجزیہ کروایا جائے، ہر یونٹ سے 5لاکھ روپے کا شورٹی بانڈ لیا جائے جیسے دودھ کے کاروبار میں لاگو ہے۔

غیر رجسٹرڈ اورناقص کوالٹی پلانٹس کو بند کرتے ہوئے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ تمام فاسٹ فوڈ پوائٹس ( شوارما، برگر و غیرہ) کی تیاری کے مراحل اور صفائی کے معیار کی جانچ کی جائے۔

نظامت خوراک نے ہدایت کی ہے کہ ان مقامات پر استعمال ہونے والے اجزاء گوشت / چکن کی Backward tracibility کوالٹی وغیرہ کی مکمل چیکنگ کی جائے۔

گلاسڑا ،مضر صحت یا غیر معیاری گوشت /چکن استعمال کرنے والے کاروبار مالکان کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے اور ان کو سیل کیا جائے اور جب تک عدالتی احکامات نہ ہوں انہیں ڈی سیل نہ کیا جائے۔

تمام شادی ہالز اور مارکیز کوفوڈ اتھارٹی کے قواعد و ضوابط کا پابند بنایا جائے ۔ کھانے کی تیاری ، Serving Storage اور صفائی سے متعلقہ SOPs مرتب کر کے ان پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے۔

خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی، جرمانے اور سیلنگ کے اقدمات کیے جائیں، بریڈز چکن شاپس کا تفصیلی معائنہ کیا جائے تا کہ یہ معلوم ہو سکے کہ ذبح شدہ گوشت حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق ہے۔

غیر معیاری یا غیر محفوظ گوشت کی فروخت پر متعلقہ دکانوں کے خلاف تحت ضابطہ کارروائی عمل میں لائی جائے۔ تمام اضلاع میں فروخت ہونے والے فروزن آئٹمز ( چکن سموسہ ، رولز، فروزن چکن/ گوشت وغیرہ) کے Samples حاصل کرتے ہوئے لیبارٹری تجزیہ کروایا جائے ۔

غیر معیاری اور مضر صحت آئٹمز کی فوری ضبطگی عمل میں لائی جائے اور قانونی کارروائی کی جائے۔ فریزراور وہاں کام کرنے والے عملہ کی صفائی ستھرائی کو چیک کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: مظفر آباد فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں ،غیر معیاری دودھ فروخت کرنیوالوں کو بھاری جرمانے

 

Scroll to Top