آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے استعمال ہونے والے لوگو کی تصاویر منظر عام پر آگئی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی سی سی تمام ایونٹس کے لیے خصوصی لوگو جاری کرتا ہے، جس میں میزبان ملک کا نام شامل ہوتا ہے۔ اس حوالے سے چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لوگو کی تصاویر جاری کی گئی ہیں، جو ایونٹ میں شریک تمام ٹیموں کی کٹ پر استعمال ہوگا۔
دوسری جانب بھارت نے سیاست کو شامل کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی کٹ پر میزبان ملک پاکستان کا نام چھاپنے پر اعتراض اٹھایا ہے، جس پر کرکٹ شائقین نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے سیکیورٹی خدشات کا بہانہ بنا کر پاکستان میں کھیلنے سے انکار کر دیا تھا، جس کے باعث چیمپئنز ٹرافی کو آئی سی سی کی ہدایت پر ہائبرڈ ماڈل کے تحت منتقل کرنا پڑا۔ اب بھارتی ٹیم کی جرسی پر لوگو کے ساتھ پاکستان کا نام درج ہونے پر بھی اعتراض سامنے آیا ہے۔
اس معاملے پر تاحال آئی سی سی اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔