وزیراعظم آزادکشمیر کا کنٹرول لائن متاثرین کی مالی امداد میں اضافہ کرنے کا اعلان

فتح پور تھکیالہ، سماہنی: وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نے کنٹرل لائن کے شہداء، زخمیوں اور متاثرین کی مالی امداد میں اضافہ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہداء کے لواحقین کو مزید چیکس دینگے۔

گزشتہ روز وزیراعظم انوارالحق نے کوٹلی اور سماہنی کے ایل اوسی علاقوں کا دورہ کیا اور شہداء کی قبروں پرحاضری دی جبکہ لواحقین سے اظہار تعزیت بھی کیا، وزراء بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔

اس موقع پر تعزیتی مجلس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ شہداء کی قربانیوں سے قوم کا سر فخر سے بلند ہو گیا ، ساری قیادت کا شکریہ جو افواج کی پشت پر کھڑے رہی اور بھارت کو شکست فاش ہوئی۔

وزیراعظم نے کہا کہ یہاں آنے کا مقصد شہداء کے ورثاء کیساتھ اظہار یکجہتی تھا،ہم سب کو دنیا سے جانا ہے، کیسے، کب اور کہاں جانا ہے ؟مالک الملک جانتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ بھارتی شیلنگ و حملے کے جملہ شہداء کے ورثا مالی معاونت فراہم کردی گئی،بھارتی شیلنگ کے شہداء اور زخمیوں کو جنتی مالی امداد دی ہے اس میں مزید خاطر خواہ اضافہ کریں گے۔

مستقل معذوروں کی مالی معاونت میں اضافہ ہوگا ،مکانات ،مال مویشی سمیت تمام تر نقصان کو پورا کیا جائے گا۔ شہداء اور زخمیوں کو نئے چیک ملیں گے۔

انہوں نے کہا کہ گولہ باری میں تباہ ہسپتال اور کالجز کی عمارتوں کو اصل صورت سے بہتر قائم کردیا جائے گا،عقل کے اندھے محافظ اور قابض افواج میں فرق سمجھیں ،ہمارے شاہینوں نے مودی کو گھر میں گھس کر مارا ہے ۔

وزیر اعظم نے کہا کہ آج آزاد کشمیر میں بددیانتی اور کرپشن کو جڑ سے اکھاڑ دیا ہے ، مافیاز اور ٹیکس چوروں کا حکومت نے وہ حشر کیا ہے ہمیشہ یاد رکھیں گے۔

وزیراعظم نے ورثاء کے مطالبے پر سمٹی مجہان میں مصباح شہید کے نام پر پرائمری سکول بنانے کا اعلان بھی کیا۔

سماہنی میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ہندوستان آزاد کشمیر میں اندرونی سازش کے ذریعے دہشت گردی کروانا چاہتا تھا جسے ہماری انٹیلی جنس نے ناکام بنا دیا اور دہشت گردوں کو منطقی انجام تک پہنچایا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے حالات سے نمٹنے کے لئے ڈیڑھ ماہ قبل انتظامات مکمل کر لئے تھے ، شہداء کی قربانیوں کے صدقے طلوع آزادی کی منزل قریب ہے۔

وزیراعظم نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال سماہنی میں ٹراما سنٹر کو فعال کرنے کے لئے 10 لاکھ روپے فراہم کرنے کا اعلان بھی کیا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم انوارالحق کا ایل او سی کا دورہ،زخمی افراد میں امدادی چیک تقسیم

Scroll to Top