راولپنڈی: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ الحمدللہ آپریشن ’’بنیان مرصوص‘‘ بھارت کو منہ توڑ جواب ہے، افواجِ پاکستان نے جو کہا، وہ کر کے دکھایا۔ اللہ نے وعدہ کیا ہے کہ اگر آپ حق پر ہوں تو چھوٹی فوج بھی بڑی فوج پر غالب آ جاتی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ افواجِ پاکستان اور پوری قوم ایک سیسہ پلائی دیوار کی مانند ثابت ہوئے۔ پاکستان نے متعدد بار بھارت کو خبردار کیا تھا کہ ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ علاقائی سالمیت اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے پاکستان مکمل دفاعی صلاحیت رکھتا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے واضح کیا گیا تھا کہ کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ ہم بخوبی جانتے ہیں کہ ملکی سالمیت کا دفاع کس طرح کرنا ہے۔ بھارت کی 13 لاکھ فوج اور تمام تر اسلحہ سے ہمیں ڈرا یا دھمکایا نہیں سکتا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان عالمی فورمز پر مسئلہ کشمیر کو اٹھانے میں کامیاب ہو گیا: وزیر اعلیٰ مقبوضہ کشمیر
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ آپریشن ’’بنیان مرصوص‘‘ قوم سے کیے گئے وعدے کی تکمیل ہے۔ الحمدللہ، آرمی چیف نے قرآن کریم کی آیات بھی پڑھ کر سنائیں اور کہا کہ یقینا کامیابی اور نصرت اللہ کے ہاتھ میں ہے، اور جب اللہ کی نصرت شامل ہو تو چھوٹی فوج بھی بڑی فوج پر غالب آ سکتی ہے۔