آپریشن بُنیانِ مرصوص کی فتح کا جشن لندن تک، پاکستانیوں کا اپنے ملک کے ساتھ اظہارِ یکجہتی

لندن: پاکستان کے کامیاب دفاعی آپریشن “بُنیانِ مرصوص” کی گونج صرف وطنِ عزیز تک محدود نہ رہی بلکہ اس کی بازگشت لندن کی سڑکوں پر بھی سنائی دی۔ برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں نے ایک ریلی کے ذریعے افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے تاریخی کامیابی کا جشن منایا۔

ریلی میں پاکستانی شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور بھرپور جوش و خروش کے ساتھ “پاکستان زندہ باد” اور “پاک فوج زندہ باد” کے نعرے لگائے۔ شرکاء نے قومی پرچم اٹھا رکھے تھے جبکہ فضا وطن سے محبت اور قومی حمیت کے نعروں سے گونجتی رہی۔

یہ ریلی ایسے موقع پر نکالی گئی جب پاکستان میں وزیراعظم شہباز شریف نے بھارتی جارحیت کے خلاف بھرپور دفاعی کارروائی اور آپریشن بُنیانِ مرصوص کی شاندار کامیابی پر آج ملک بھر میں یومِ تشکر منانے کا اعلان کیا ہے۔

اس آپریشن کے دوران پاکستانی افواج نے دشمن کی طرف سے کی گئی کھلی جارحیت کا بھرپور اور مؤثر جواب دیا۔ پاکستان ایئر فورس نے چند ہی گھنٹوں میں دشمن کے متعدد ایئر بیسز اور دفاعی تنصیبات کو کامیابی سے نشانہ بنایا، جن میں آدم پور، ادھم پور، بٹھنڈا، سورت گڑھ، مامون، اکھنور، جموں، سرسہ اور برنالہ کے اڈے شامل تھے۔

پاک فضائیہ نے جے ایف-17 تھنڈر کے ذریعے ہائپرسونک میزائل فائر کر کے بھارت کے جدید ترین S-400 ائیر ڈیفنس سسٹم کو بھی تباہ کر دیا، جسے بھارتی دفاع کا “ناقابلِ تسخیر” حصار سمجھا جاتا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: آپریشن بُنْيَان مَّرْصُوْص کی کامیابی پر ملک بھر میں آج یومِ تشکر منانے کا اعلان

پاکستانی قوم اس کامیابی پر شکر گزار ہے اور دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں نے بھی اس موقع کو قومی فخر کے طور پر منایا۔ لندن کی یہ ریلی اس بات کی عکاس ہے کہ بیرونِ ملک بسنے والے پاکستانی نہ صرف پاکستان کے دفاع پر فخر کرتے ہیں بلکہ افواجِ پاکستان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار بھی کرتے ہیں۔

شرکاء نے ریلی میں پاکستان کی مسلح افواج کے جوانوں کو سلام پیش کیا اور کہا کہ جس انداز میں افواجِ پاکستان نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا، وہ قابلِ فخر اور تاریخ میں سنہری باب کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔

Scroll to Top