بھارتی جارحیت کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے تناظر میں وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں قومی سلامتی کمیٹی کا ہنگامی اجلاس جاری ہے۔
تمام اعلیٰ حکام اجلاس کے لیے وزیراعظم ہاؤس پہنچ چکے ہیں۔ اجلاس کے اختتام پر وزیراعظم شہباز شریف قوم سے اہم خطاب کریں گے۔
اجلاس کی صدارت وزیراعظم شہباز شریف کر رہے ہیں، جبکہ وفاقی وزرا اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان شریک ہیں۔ اجلاس میں بھارتی حملے کے بعد کی صورتحال، خطے میں کشیدگی اور موجودہ حالات پر کمیٹی کو تفصیلی بریفنگ دی جا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں بھارتی جارحیت، پاک فوج کے ردعمل اور آئندہ کے لائحہ عمل پر مشاورت جاری ہے، جبکہ اہم فیصلوں کی توقع بھی کی جا رہی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف اجلاس کے بعد قوم سے خطاب کریں گے اور اہم اعلانات متوقع ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: مظفرآباد میں دشمن کی بزدلانہ کارروائی، شہریوں کے حوصلے بلند
یاد رہے کہ گزشتہ رات بھارت نے اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پاکستانی شہری علاقوں پر حملہ کیا، جسے بزدلی قرار دیا جا رہا ہے۔ حملے کے جواب میں پاکستان کی مسلح افواج نے بھرپور ردعمل دیتے ہوئے بھارتی فضائیہ کے 3 رافیل طیارے اور ڈرونز مار گرائے۔ پاک فوج نے دشمن کے ایک بریگیڈ ہیڈکوارٹر سمیت کئی فوجی چیک پوسٹیں بھی تباہ کر دیں۔ اطلاعات کے مطابق، بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر چورا کمپلیکس میں سفید جھنڈا لہرا کر شکست تسلیم کی۔