بزدلانہ حملے کا کرارا جواب، پاک فضائیہ نے بھارت کے 3جہاز مار گرائے،بریگیڈ ہیڈکوارٹر تباہ

پاکستان کی جانب سے بھارت کے بزدلانہ حملے کا بھرپور جواب دیا جارہا ہے اوراطلاعات کے مطابق پاک فضائیہ نے دشمن کے 2 رافیل طیاروں سمیت 3جہاز مار گرائے ہیں  جبکہ بریگیڈ ہیڈکوارٹر کو بھی اڑا دیا گیا ہے۔

سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی افواج بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دے رہی ہیں،پاک فضائیہ نے دشمن کے 3 جہاز گرا دیئے گئے ہیں جبکہ پاک فضائیہ کے تمام جہاز محفوظ ہیں۔

برطانوی میڈٰیا نے بھی کچھ دیر قبل خبر دی تھی کہ پاکستان نے بھارت کا رافیل طیارہ مار گرایا،اب دو اور طیارے بھی گرا دیئے گئے ہیں جبکہ سکیورٹی ذرائع نے بتایا ہےکہ پاک فوج نےجوابی کارروائی میں بھارت کابریگیڈ ہیڈکوارٹرتباہ کردیا۔

سیکورٹی ذرائع کا کہناہے کہ پاکستان مسلح افواج دشمن کو جارحیت کا منہ توڑ جواب دے رہی ہیں اور برنالہ میں بھارت کا ڈرون بھی گرایا گیا ہے، گرائے گئے طیارہ کی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہیں۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج کی میزائل اسٹرائیک نے ایل او سی پر دودنیال سیکٹر میں دشمن کی پوسٹ تباہ کردی۔

واضح رہے کہ بھارت نے پاکستان پر حملہ کرتے ہوئے 5 مقامات پر میزائل فائر کئے ہیں جس میں سویلین آبادی اور مساجدکو نشانہ بنایا گیا، بھارتی حملے میں 2 شہری شہید ہوئے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق دشمن نے کوٹلی، احمدپور شرقیہ، مظفرآباد، باغ اور مریدکے میں حملے کیے، کوٹلی میں 2 شہریوں کی شہادت کی اطلاعات ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ اس وقت پاکستان کی جوابی کارروائی جاری ہے، افواج پاکستان فضا اور زمین دونوں اطراف سے دشمن کو جواب دے رہی ہیں۔

Scroll to Top