مظفرآباد : جموں و کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی مظفرآباد ڈویژن کا اہم اجلاس ہواجس میں کارکنوں نے بھرپور شرکت کی، اجلاس میں 13 مئی کے جلسے کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ممبر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی شوکت نواز میر نے کہا کہ ممبران اسمبلی اپنا کام (قانون سازی) چھوڑ چکے ہیں اور وہ بلدیاتی نمائندوں کے اختیارات ہڑپ کر بیٹھے ہوئے ہیں۔بلدیاتی نمائندگان کبوتر کی طرح آنکھیں بند نہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں بلدیاتی نظام سپریم کورٹ کی وجہ سےآیا، میں چیف جسٹس کاشکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے فیصلہ دیا اور الیکشن ہوئے۔
لوگوں کو ان حکمرانوں کے یہ جملے بھی یاد ہونگے کہ ہم بلدیاتی نمائندوں کو فنڈز دے دیں تو ہم ریڑھیاں لگائیں گے، آزادکشمیر میں ایک بھی سیاسی جماعت عوام کی نمائندگی نہیں کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ عوامی نمائندے ہوتے تو بلدیاتی نمائندوں کیخلاف آنے والے بلز کی مخالفت کرتے اور عوامی حقوق کا دفاع کرتے لیکن انہوں اپنے پیٹ اور اہل وعیال کا سوچا اور بل پاس کردیا۔
شوکت نوازمیر نے کہا کہ بلدیاتی نمائندوں کے فنڈز ہڑپ ہونا ٹریلر ہے، یہ کوئی سبسڈی نہیں دینا چاہتے تھے،سیاسی کارکن ، کونسلر جان لیں یہ نظام غریب آدمی کے حق میں نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس نظام کو ٹھیک کرنا ہوگاورنہ غریب کا بچہ کبھی نہیں آئیگا، میرٹ پامال ہوتا رہے گا، آئینہ سب کے سامنے آگیا ہے، کبوتر کی طرح آنکھیں بند کرکے نہ رکھی جائیں۔
تین ہزار بلدیاتی نمائندوں کو جھٹکا، آزادکشمیر اسمبلی میں متنازعہ قانون منظور