بلدیاتی ملازمین کا احتجاج رنگ لے آیا ،سرکاری ملازمین کی تنخواہوں، پنشن کا دیرینہ مسئلہ حل،نوٹیفکیشن جاری

مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل)مظفرآباد بلدیاتی ملازمین کی طویل جدوجہد رنگ لے آئی ۔بلدیاتی ملازمین آزاد کشمیر کی پینشن کا اے جی آفس منتقلی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔قبل ازیں سینکڑوں بار ملازمین نے اس حوالے سے احتجاج کیا کام چھوڑ ہڑتال کی تاہم موجودہ حکومت نے بلدیاتی ملازمین میں پائی جانے والی مایوسی کو ختم کردیا۔

ذرائع کے مطابق آزاد جموں و کشمیر (اے جے کے) کے صدر نے لوکل گورنمنٹ اینڈ رورل ڈویلپمنٹ ایکٹ کے تحت نوٹیفکیشن میں کی گئی ترمیم کی منظوری دے دی ہے جس سے مقامی سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن کا التوا کا مسئلہ حل ہو گیا ہے۔

لوکل گورنمنٹ اینڈ رورل ڈویلپمنٹ کی جانب سے جمعہ کو جاری کردہ نوٹیفکیشن میں مذکورہ محکمے کے مالیاتی نظام میں متعدد تبدیلیاں کی گئی ہیں جس کا مقصد طویل عرصے سے تنخواہوں اور پنشن کے واجبات کے منتظر ملازمین کے مسئلے کو حل کرنا ہے۔

آزاد کشمیر کابینہ نے رولز آف پروسیجر 1985 کے تحت اہم ترامیم کی توثیق کردی، نوٹیفکیشن فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔تفصیلات کے مطابق مقامی سرکاری ملازمین کی پنشن کی منتقلی براہ راست اکاؤنٹنٹ جنرل آفس سے کی جائے گی۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ’’اکاؤنٹنٹ جنرل آفس کی سطح سے مقامی حکومتی اداروں کے ملازمین کی تنخواہوں سے کٹوتی کی گئی رقم لوکل گورنمنٹ بورڈ کے بجائے گورنمنٹ ٹریژری یا پنشن فنڈ میں منتقل کی جائے گی‘‘۔

مزید برآں، یہ بتایا گیا کہ بلدیاتی اداروں کو ملنے والی آمدنی پر واجب الادا پنشن کا 15 فیصد حصہ لوکل گورنمنٹ بورڈ کے بجائے حکومت کے قائم کردہ پنشن فنڈ میں منتقل کیا جائے گا۔

اس کے علاوہ، مذکورہ بالا 15 فیصد پنشن کی بروقت وصولی کیلئے، مقامی اداروں کے تمام چیف آفیسرز/سیکرٹریز (DDOs) کو پنشن کی شراکت کی حد تک سنگل DDOs کے طور پر مقرر کیا گیا ہے ۔

نوٹیفکیشن کے مطابق، یہ فیصلہ اس لیے لیا گیا کیونکہ تمام ڈی ڈی اوز بغیر کسی عذر کے ہر ماہ کے آخر میں اکاؤنٹنٹ جنرل آفس کو واجب الادا پنشن کا حصہ منتقل کر دیتے ہیں۔

متعلقہ ادارے کا ڈی ڈی او 15 فیصد پنشن شراکت کی بروقت ادائیگی کا ذمہ دار ہے، لہذا کسی بھی وقت ادائیگی نہ کرنے کی صورت میں محکمہ خزانہ،اکاؤنٹنٹ جنرل آفس متعلقہ ادارے کے ڈی ڈی او کی تنخواہ روکنے کیلئے کارروائی کرنے کا مجاز ہو گا۔

قبل ازیں سینکڑوں ملازمین نے اپنی واجب الادا تنخواہوں اور پنشن کیلئے احتجاج کیا اور ہڑتال کی۔ تاہم موجودہ حکومت نے بلدیاتی ملازمین میں پائی جانے والی مایوسی کا خاتمہ کر دیا ہے۔
آزادکشمیر سے تعلق رکھنے والے ٹرک ڈرائیور یوسف شاہ بھارتی جیل میں جاں بحق

Scroll to Top