بھارت ایل او سی کے اطراف کسی بھی وقت کسی بھی جگہ حملہ کرسکتا ہے ، وزیر دفاع خواجہ آصف

اسلام آباد (کشمیر ڈیجیٹل )وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اطلاعات ہیں کہ بھارت لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے اطراف کسی بھی جگہ حملہ کر سکتا ہے۔بھارت کو ان شاءاللہ منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

وزیر دفاع کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف پہلے کہہ چکے ہیں کہ بین الاقوامی کمیشن بن جائے جو پہلگام واقعے کی تحقیقات کرے، تحقیقات سے پتا چل جائے گا کہ بھارت خود ملوث ہے یا وہاں کا کوئی گروپ، یہ بھی واضح ہو جائے گا کہ جو پاکستان پر الزام لگ رہا ہے اس میں کیا صداقت ہے۔

وزیردفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اس چیز کا فیصلہ ہو جانا چاہیے کہ نریندر مودی جھوٹ بول رہا ہے یا سچ بول رہا ہے، اس کے بعد اس کو کہیں کہ نریندر مودی تم جھوٹے ہو، ساری دنیا کا امن تباہ کر رہے ہو، مودی سے کہیں کہ تم نے بر صغیر کو ایٹمی جنگ کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔

وزیر دفاع کا مزید کہنا تھا کہ مودی صرف اپنا ووٹ بنانے کے لیے ڈرامہ کر رہا ہے، بھارت خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کروا رہا ہے، خیبر پختونخوا میں بھارتی دہشت گردی کے ثبوت ہم نے 2016 اور 2017 میں اقوام متحدہ میں دیے تھے، ان ثبوتوں میں ویڈیوز موجود ہیں کہ بھارت کیسے لوگوں کو پیسے دے کر دہشت گردی کرواتا ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ آج بھی ہمارے ساتھ جو ہو رہا ہے وہ افغانستان کی سرزمین سے ہو رہا ہے، بلوچستان ہو یا خیبرپختونخوا، وہاں دہشت گردی افغانستان سے ہوتی ہے، پیچھے بھارت ہے۔
کسی بھی بھارتی اقدام کا فیصلہ کن جواب دینے کیلئے تیار ہیں، قومی اسمبلی میں قرارداد منظور

Scroll to Top