پاکستان نے جدید ٹیکنالوجی سے لیس”فتح” میزائل کا کامیاب تجربہ کیا!

پاکستان نے جدید ٹیکنالوجی سے لیس “فتح” ٹیکٹیکل بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کر کے دفاعی میدان میں ایک اور اہم سنگِ میل عبور کر لیا ہے۔ یہ تجربہ ’ایکس انڈس‘ مشق کے تحت کیا گیا ہے اور فتح میزائل کی رینج 120 کلومیٹر ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فتح میزائل کا یہ تجربہ “ایکس انڈس” کے عنوان سے جاری مشقوں کا حصہ تھا۔ اس موقع پر پاکستان آرمی اسٹریٹجک فورسز کے ماہر انجینئرز اور سائنسدانوں نے مشاہدہ کیا ۔

ترجمان کے مطابق “فتح” میزائل 120 کلومیٹر تک اپنے ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے اور اس میں جدید ترین نیویگیشن سسٹم نصب ہے، جو اسے دشمن کے ہدف پر انتہائی درستگی سے حملہ کرنے کے قابل بناتا ہے۔ تجربے کا مقصد پاک فوج کی آپریشنل تیاری اور میزائل ٹیکنالوجی کی صلاحیت کو جانچنا تھا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فوج کسی بھی ممکنہ دشمن کی جارحیت کا مؤثر جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔ میزائل ٹیسٹ کی کامیابی پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سربراہ پاک فوج نے میزائل پروگرام سے وابستہ انجینئرز، سائنسدانوں اور پوری ٹیم کو مبارکباد دی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل 3 مئی کو پاکستان نے زمین سے زمین تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل ’’ابدالی‘‘ کا کامیاب تجربہ کیا تھا۔ اس تجربے کا مقصد دفاعی تیاریوں کا جائزہ لینا اور میزائل کی تکنیکی خصوصیات کی جانچ پرکھ کرنا تھا۔ ’’ابدالی‘‘ میزائل 450 کلومیٹر تک ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے، جو ملک کی اسٹریٹجک دفاعی صلاحیت میں ایک اہم اضافہ ہے۔

Scroll to Top