لاہور: پاکستان سپر لیگ سیزن 10 کے 22ویں مقابلے میں پشاور زلمی کے کم عمر بیٹر معاذ صداقت نے اپنے پہلے ہی میچ میں ایسی شاندار اننگز کھیلی کہ شائقین، کمنٹیٹرز اور سینئر کھلاڑی سب داد دیے بغیر نہ رہ سکے۔ 19 سالہ نوجوان نے صرف 33 گیندوں پر زبردست55 رنز بنا کر اپنا لوہا منوا لیا۔
معاذ صداقت نے کریز پر کھڑے ہوکر ہر طرف اسٹروکس کی برسات کر دی ۔ ان کے دلکش ڈرائیوز، اسٹائلش کٹس اور اعتماد بھرے شاٹس نے میدان میں موجود ہر فرد کو متاثر کیا۔ ان کی اس نصف سنچری پر کمنٹری باکس میں خوب سراہا گیا، جبکہ اسٹیڈیم میں موجود سینئر کھلاڑیوں نے بھی کھڑے ہوکر نوجوان ٹیلنٹ کو داد دی۔
پشاور زلمی کی بیٹنگ میں معاذ اور کپتان بابر اعظم کے درمیان چوتھی وکٹ پر 102 رنز کی شاندار پارٹنرشپ بنی، جس نے ٹیم کی بنیاد کو مستحکم کیا۔ میچ کے اختتام پر معاذ صداقت کو اپنے یادگار ڈیبیو اور نصف سنچری اسکور کرنے پر ‘پلیئر آف دی میچ’ قرار دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: اگر پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ ہوتی ہے تو مجھے پاکستان کا پلڑا بھاری دکھائی دیتا ہے، سردار عتیق احمد خان
کرکٹ شائقین اب معاذ صداقت کو مستقبل کا بڑا نام قرار دے رہے ہیں اور بلاشبہ ان کا یہ ڈیبیو پی ایس ایل 10 کی نمایاں جھلکیوں میں شمار ہوگا۔