آزاد کشمیر اور دیگر بالائی علاقوں میں آج سے 5 مئی تک تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ممکنہ خطرات کے پیش نظر وارننگ جاری کرتے ہوئے تمام ضلعی و متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق آزاد کشمیر، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، شمال مشرقی پنجاب اور شمال مشرقی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ ان غیر متوقع موسمی حالات کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے، پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور کمزور انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ادارے کا کہنا ہے کہ سندھ کے بعض اضلاع بھی اس موسمی نظام سے متاثر ہو سکتے ہیں جہاں تیز ہواؤں اور آندھی کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے نے ہدایت کی ہے کہ متعلقہ ضلعی انتظامیہ، ریسکیو ادارے اور شہری دفاع کے شعبے کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کریں، جبکہ عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور موسم سے متعلق سرکاری اداروں کی ہدایات پر عمل کریں۔



