جہلم ویلی ( کشمیر ڈیجیٹل )وزیر اطلاعات آزاد جموں و کشمیر مولانا پیر محمد مظہر سعید شاہ نے جہلم ویلی میں عظیم الشان ختم نبوت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے پانی بند کیا گیا تو انشاءاللہ ہم نہ صرف اس کی فضائیں بلکہ اسکی سانسیں بھی بند کریں گے۔
جنگ کی حیثیت وہی ہے جو ڈاکٹر کی حیثیت ہوتی ہے سرجری کے وقت کہ وہ جسم سے ناسور ختم کرنے کے لیے سرجری کرتا ہے ہم جب جنگ کرتے ہیں تو اس کائنات سے ظلم و جہالت کے ناسوروں کو ختم کرنے کے لیے کرتے ہیں تاکہ دنیا میں امن قائم ہو علم عدل اور انصاف کا جھنڈا سر بلند ہو۔
ہم جنگ نہیں کرنا چاہتے اگر ہم پر جنگ مسلط کی گئی تو ہم تمہیں انشاءاللہ بدر، احد کی شجاعت دکھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ انڈیا کبھی پانی بند کبھی کھول رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم کشمیری قوم کو 77 سالوں سے بھارت کے ظلم کا سامنا بھی کر رہے ہیں اور اس کے دجل و فریب کو برداشت کر رہے ہیں۔
انشاءاللہ بھارت کو کسی بھی چیز کے پیچھے نہیں چھپنے دیں گے، ہندوستان نے سیکولر جمہوریت کا جو لبادہ اوڑھا ہوا تھا وہ بے نقاب ہو چکا ہے۔
یہ خبر بھی پڑھیں ۔انڈیا فلمیں بنانے میں بہت تیز ہے لیکن پہلگام ڈرامہ فلاپ ہوگیا، پیر مظہر سعید
انہوں نےکہا کہ جہلم ویلی کے غیور مسلمان بھائیوں دوستوں اور بزرگوں کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے عظیم الشان ختم نبوت کانفرنس کا انعقاد کیا۔ الحمدللہ آج میرے اقا کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی ختم نبوت کے نعرے مشرق سے مغرب شمال سے جنوب کی طرف بلند ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نبی رحمت صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیں جو حکم جہاد کا دیا ہے وہ ظلم کے خلاف اور دنیا میں امن قائم کرنے کے لیے مظلوموں کی حمایت کے لیے جو فریضہ دیا گیا ہے اس کو انجام دینا ہو گا۔
انہوں نےکہا کہ اگر جنگ مسلط کی گئی شروع تو تم کرو گے اختتام ہم کریں گے۔ انہوں نے کہا ہم انشاءاللہ اپنی قومی سلامتی بیانیہ، دفاعی اداروں کے ساتھ بھی کھڑے ہیں، پاک افواج ہمارا سینہ ہے اور ہم ان کی پشت ہیں۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ ڈیجیٹل مکر و فریب کا بھی انشاءاللہ مقابلہ کریں گے اور اگر کشمیر یا پاکستان کی کسی سرحد پر دراندازی کی کوشش کی گئی تو ابھی نندن سے زیادہ سخت جواب ملے گا۔