واشنگٹن: مقبوضہ کشمیر میں پہلگام حملے کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی کشیدگی پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ردِ عمل سامنے آگیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اوربھارت تناؤ کاحل خود کسی نہ کسی طرح نکال لیں گے۔
ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے تعلقات ہمیشہ کشیدہ رہے، دونوں ملک کسی نہ کسی طرح اس کا حل نکال لیں گے، دونوں ممالک کے رہنماؤں کو جانتا ہوں۔تاہم صدر ٹرمپ نے پاک بھارت رہنماؤں سے رابطہ کرنے کے سوال کا جواب دینے سے گریز کیا۔
اس سے قبل امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے مقبوضہ کشمیر میں دہشتگردی کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے زور دیا تھا کہ اس واقعہ میں ملوث عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔
امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے پریس بریفنگ میں کہا کہ ہم ان لوگوں کیلئے دعاگو ہیں جن کے عزیز اس واقعہ میں مارے گئے اور دعاگو ہیں کہ زخمی جلد صحت یاب ہوں۔
یاد رہے کہ مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگرام میں سیاحوں پر حملے کے بعد بھارت نے بغیر ثبوت پاکستان پر الزام لگایا ہے جس پر دنوں ممالک کے تعلقات کشیدہ ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاک بھارت کشیدگی،امریکہ کا کیا موقف ہے ؟ ٹرمپ انتظامیہ نے اپنی پوزیشن واضح کردی