پی ایس ایل، سنسنی خیز مقابلہ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو5رنزسے شکست دیدی

لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کے 15ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگزکو 5 رنز سے شکست دے دی۔ فاتح ٹیم نے جیت کے لئے 143 رنز کا ہدف دیا تھا لیکن کراچی کنگز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر 137 رنز بناسکی۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں جاری پی ایس ایل کے 15 ویں میچ میں کراچی کنگز کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 19.3 اوورز میں 142 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

پہلے کھلیتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا آغاز اچھا نہیں تھا، اسے پہلے نقصان صرف 7 رنز پر اٹھانا پڑا جب سعود شکیل صرف 6 رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر شان مسعود کو کیچ دے بیٹھے۔کوئٹہ کی دوسری وکٹ 8، تیسری 20 اور چوتھی 44 رنز پر گری جبکہ نصف ٹیم 69 رنز پر پویلین لوٹ چکی تھی۔

تاہم اس موقع پر کوئٹہ کے کوشل مینڈس اور حسن نواز نے 59 رنز کے ساجھے داری قائم کی جبکہ 128 رنز کے مجموعے پر مینڈس 36 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

فہیم اشرف 43 رنز کے ساتھ ٹیم کے کامیاب بیٹر رہے جبکہ حسن نواز نے بھی 35 رنز کی اننگز کھیلی، اس کے علاوہ دیگر بیٹرز کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور یوں کوئٹہ کی پوری ٹیم 20 ویں اوور میں 142 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔

کراچی کنگز کی جانب سے حسن علی نے 3 جبکہ میر حمزہ اور عباس آفریدی نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، اس کے علاوہ محمد نبی اور فواد علی ایک، ایک وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔

کنگز کی جانب سے ٹِم سائفرٹ 47 رنز بنا کر نمایاں رہے، جیمز ونس 30، عمیر بن یوسف 11، شان مسعود 9، کپتان ڈیوڈ وارنر اور محمد نبی 4،4، خوشدل شاہ اور عباس آفریدی صفر پر آؤٹ ہوئے۔

حسن علی 24 اور میر حمزہ 3 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے، اس طرح کراچی کی ٹیم ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر 137 رنز بناسکی۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد وسیم، محمد عامر اور خرم شہزاد نے 2، 2 جبکہ ابرار احمد اور سعود شکیل نے 1، 1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

یہ بھی پڑھیں : پی ایس ایل 10،پوائنٹس ٹیبل پر کون سی ٹیم پہلے نمبر پر ہے ؟

 

Scroll to Top