مظفرآباد:کھیلوں کے رنگ، جیت کا جذبہ اور طلبہ کا جوش و خروش، یونیورسٹی آف آزاد جموں و کشمیر میں جاری چار روزہ سپورٹس فیسٹیول نے نوجوانوں کے دل جیت لیے۔
کشمیر ڈیجیٹل کے اشتراک سے منعقدہ اس فیسٹیول کا تیسرا روز بھی سرگرمیوں سے بھرپور رہا، جہاں کرکٹ کے سنسنی خیز مقابلے طلبہ کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔
فیسٹیول کا آغاز شاندار افتتاحی تقریب سے ہوا، جس میں طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ کرکٹ کے ساتھ ساتھ فٹبال، والی بال، لوڈو اور دیگر دلچسپ کھیلوں نے ایونٹ کو رنگا رنگ بنا دیا۔ یہ پہلا موقع ہے جب شعبہ نفسیات نے اس نوعیت کا بڑا اسپورٹس ایونٹ منعقد کیا، جس میں طالبات کی بھرپور شرکت کو بھی یقینی بنایا گیا۔
طلبہ کا کہنا ہے کہ ایسی سرگرمیاں نہ صرف تعلیمی ماحول میں تازگی کا باعث بنتی ہیں بلکہ ذہنی و جسمانی صحت کے لیے بھی نہایت مفید ہیں۔ شرکاء نے کشمیر ڈیجیٹل کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی اسی جذبے کے ساتھ ایسے ایونٹس کا انعقاد کیا جاتا رہے گا۔
یہ بھی پڑھیں: ملتان سلطانز کی قیمت بڑھی تو خریداری سے ہاتھ کھینچ لوں گا، علی ترین کا پی سی بی کو دو ٹوک پیغام
یاد رہے کہ چار روزہ فیسٹیول کا اختتام ایک رنگا رنگ تقریب کے ساتھ کیا جائے گا، جس میں مختلف مقابلوں کے فاتحین کو اعزازات بھی دیے جائیں گے۔