مظفر آباد:سابق وزیر حکومت ومسلم لیگ ن کے رہنما سید مرتضی گیلانی نے کہا ہے کہ آزادکشمیر حساس خطہ ہے،ہم نے ہمیشہ افواج پاکستان کو اپنا محافظ سمجھاہے ۔
کشمیر ڈیجیٹل کو دیئے گئے انٹرویو میں سید مرتضی گیلانی نے کہا کہ وزیراعظم انوارالحق کی ناقص کارکردگی نے افراتفری کا ماحول پیدا کیا، تعمیر ترقی ہونی چایئے اور زمین پر باقاعدہ نظر آنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے ٹکٹس کی وجہ سے یہ لوگ کامیاب ہوئے،پارٹیوں کے قائدین کو چاہیے کہ برادریوں کا پرچار نہ کیا جائے، خدمات کی بنیاد پر وفادار کارکنوں کو ٹکٹ ملنے چاہئیں۔
سابق وزیر حکومت کا کہنا تھا کہ میں ان لوگوں کا شکر گزار ہوں جنہوں نے مشکل دور میں مجھے 10 ہزار ووٹ دیئے، میرے ووٹرز کی تعداد آج بھی ہزاروں میں ہے اور میرے ساتھ بہت مخلص لوگ ہیں۔
نوازشریف جاتے جاتے کونسل کے اختیارات ہمیں دے گئے، ممبران اسمبلی کو وافر فنڈز ملنے ہیں ، فنڈززمین پر نظر آنے چاہئیں،ہمیں لوگوں کو سہولیات دینے پر توجہ دینا ہوگی۔
انہوں نے کہاکہ جس طرح کا طریقہ کار ورویہ ہے اس سے لوگ مایوس ہیں،ہماری نظریں افواج پاکستان کی طرف ہے، افواج پاکستان کو اس طرف بھی توجہ دینا ہوگی۔
اپنے آپ کو سیاسی مزدور سمجھتا ہوں اور میں مڈل مین آدمی ہوں، ولی ہوں نہ سرمایہ دار ہوں، میرے آبائو اجداد نےمہاراجہ ہری سنگھ کے مقابلے پر الیکشن لڑا،لوگ میرے ساتھ محبت کرتے ہیں۔
لوگوں کے مشورے پر میں نے تحریک انصاف جوائن کی، لوگوں کی بہتری کیلئے میں نے فیصلہ کیا،میرے خلاف سازش ہوئی جس میں خاندانی معاملات بھی شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں اپنی خواہشات کیلئے کمربستہ رہتا ہوں، بازل نقوی کی کامیابی میں میرا ہی ہاتھ ہے،بازل نقوی کے پاس بہت سے فنڈز ہیں ، آنیوالا وقت بتائے گا کہ کیا کام ہوئے ۔
انہوں نے کہا کہ میرے پاس 35 لاکھ کے سالانہ فنڈزہوتے تھے اس کے باوجود ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے ہیں،حکومت کو اپنی کارکردگی میں بہتری لانا ہوگی۔ حکمران اسلام آباد میں ڈیرے ڈال کر بیٹھے ، میں اپنے حلقے میں الیکشن بھی جیتوں گا اور لوگوں کی بھرپور نمائندگی کرونگا۔