لیپا(کشمیر ڈیجیٹل )وادی لیپہ کے دلکش مناظر میں چھپا ایک جنت نظیر مقام’’کلی منڈل گاؤں‘‘ ہے، جو منڈا کلی بیلا سے صرف ایک کلومیٹر کی دوری پر واقع ہے۔ یہ بلند پہاڑی گاؤں اپنی خوبصورتی، محلِ وقوع اور قدرتی نظاروں کے باعث وادی نیلم کے مشہور مقام ’’اڑنگ کیل‘‘ کی جھلک پیش کرتا ہے۔
گھنے جنگلات، دلکش آبشار، اور شمس بری پہاڑ کے دامن میں بسے گاؤں جیسے چننیاں و نوکوٹ یہاں کی خوبصورتی کو چار چاند لگا رہے ہیں۔
کلی منڈل کے عقب میں ’’ڈونگی گلی پیک‘‘ اور آزاد کشمیر کی سب سے بڑی ’’چم آبشار‘‘ بھی موجود ہیں، جن تک پیدل بھی آسانی سے جایا جا سکتا ہے۔یہ علاقہ سیاحت کیلئے بڑے پوٹینشل کا حامل ہے مگر حکومتی توجہ سے محروم ہے۔
اگر یہاں کیبل کار، سائن بورڈز اور گائیڈز کی سہولت فراہم کی جائے تو یہ مقام ’’منی اڑنگ کیل‘‘ کے طور پر علاقہ سیاحت کے فروغ کیلئے اہمیت کا حامل ہو سکتا ہے۔
کلی منڈل کی سرسبز چراگاہیں، بہتے نالے،سائیں سائیں کرتی ہوائیں، بہتے جھرنوں اور فطری سکون سیاحوں کو ایک یادگار تجربہ دے سکتے ہیں۔ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت اس پُرفضا اور خوبصورت مقام کو سیاحتی نقشے پر لانے کیلئے عملی اقدامات کرے۔
محکمہ خوراک کا اہم اجلاس ،غیر معیاری اشیاء فراہم کرنیوالی کمپنیوں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ