لیپہ: وادی لیپہ میں گزشتہ رات سے جاری طوفانی بارشوں اور ژالہ باری کے باعث نالہ قاضی ناگ میں پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں لوہر منڈل کو ملانے والا واحد پل تیز ریلے میں بہہ گیا۔
تفصیلات کے مطابق پل کے دریا برد ہونے سے مقامی آبادی کی آمد و رفت معطل ہو گئی ہے اور لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ علاقے میں رات گئے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا جبکہ کئی مقامات پر شدید ژالہ باری اور گرج چمک کے ساتھ تیز ہواؤں کی اطلاعات بھی موصول ہو تی رہیں۔ قدرتی آفات سے بچاؤ کے ادارے مسلسل صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔
محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آئندہ دو روز تک بارشوں کا یہ سلسلہ جاری رہ سکتا ہے، جس کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔