مظفرآباد: آزاد کشمیر بھر میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے ۔ ریاستی دارالحکومت مظفرآباد ، وادی لیپہ اور مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے تیز بارش اور ژالہ باری کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (SDMA) کے مطابق شدید بارش کے باعث مختلف حادثات پیش آئے ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ایک نوجوان جان کی بازی ہار گیا، جبکہ ایک خاتون زخمی ہوئی ہے۔ مزید یہ کہ متعدد مکانات اور دکانوں کو بھی نقصان پہنچنے کی خبریں موصول ہوئی ہیں۔
وادی لیپہ میں بھی گزشتہ رات سے بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے اور ژالہ باری بھی ہوئی ہے۔ شدید گرج چمک کے ساتھ تیز ہوائیں چلنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔بارش کے باعث نالہ قاضی ناگ کے بہاؤ میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ فِلوقت وادی لیپہ کو ریاست کے دیگر حصوں سے ملانے والی مرکزی شاہراہ ٹریفک کے لیے بحال ہے، تاہم انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
ادھرپاکستان کے مختلف علاقوں میں 19 اپریل کو گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق، مغربی ہواؤں کے زیر اثر خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، شمالی بلوچستان، اور شمال مشرقی پنجاب میں وقفے وقفے سے بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔ کراچی اور سندھ کے دیگر علاقوں میں بھی 17 سے 19 اپریل کے دوران بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، بلوچستان میں بھی 17 سے 19 اپریل تک بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ممکنہ اربن فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے، خاص طور پر خیبر پختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان، اور شمالی پنجاب کے پہاڑی علاقوں میں۔ مزید برآں، بارشوں کے باعث درجہ حرارت میں کمی متوقع ہے، جس سے موسم خوشگوار ہو جائے گا۔
شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ موسم کی تازہ ترین صورتحال سے باخبر رہیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں، خاص طور پر ان علاقوں میں جہاں شدید بارشوں اور ژالہ باری کا امکان ہے۔