مظفر آباد: ریاستی دارالحکومت مظفر آباد سمیت کئی شہروں میں شدید آندھی اور بارش کے باعث معمولات زندگی شدید متاثر ہوگئے، مظفر آباد میں درخت گرنے سے نوجوان جاں بحق ہو گیا۔
ایس ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق شدید آندھی کے باعث 60گھروں کونقصان پہنچا اور درجنوں دکانیں متاثر ہوئیں جبکہ ایک شہری زخمی بھی ہوا۔
تیز ہواؤں نے کئی درختوں کو جڑ سے اُکھاڑ دیا ،مظفر آباد میں مجموعی طور پر آندھی چلنے سے 30 رہائشی گھراور 6 دکانیں متاثر ہوئیں۔
راولاکوٹ میں 15اور سدھنوتی میں14رہائشی گھر متاثر ہوئے، کوٹلی میں ایک گھر کو نقصان پہنچا ،ضلع سدھنوتی میں پانچ اور پونچھ میں ایک دکان کو نقصان ہوا۔
مظفر آباد کے علاقے راڑہ خبیب کالج کے قریب 16 سالہ نوجوان کے اوپر درخت گر گیا جس سےوہ جاں بحق ہوگیا،نوجوان کی شناخت راجہ عمر ولد راجہ طارق خان کے نام سے ہوئی ہے۔
مظفرآباد اندرون شہر تیز آندھی کے باعث چادر چھت مکانات کی چادریں اپنی جگہ سے اکھڑ گئیں جبکہ بارش نے گلی محلوں کے کیچڑ ملبے کو روڈ پر لا کھڑا کر دیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے20 اپریل 2025 تک محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں خاص کر شمالی و بالائی علاقہ جات میں بارش کی پیش گوئی کی ہے ، جس سے سیلاب ولینڈ سلائیڈ نگ کا خطرہ ہے۔
آزاد کشمیر کے کچھ علاقے لینڈ سلائیڈ نگ اور سیلاب سے متاثر ہو سکتے ہیں اسی تناظر میں SDMA نے الرٹ جاری کیا ہے عوام علاقہ نیلم اور خاص کر سیاح حضرات دوران سفر احتیاط کریں۔
ایس ڈی ایم اے نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ بارش کے دوران درختوں کے نیچے کھڑے ہونے سے اجتناب کریں- بجلی کی تاروں سے دور رہیں اور کسی بھی گرنے والی تار کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ ادارے کو دیں۔
یہ بھی پڑھیں: آزادکشمیر ، پختونخوامیں طوفانی بارش،لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ،الرٹ جاری،چھٹیاں منسوخ